یوکرین۔ روس جنگ بندی:ٹرمپ پوٹن اورزیلنسکی سے ملاقات پر آمادہ

   

واشنگٹن۔ 3 جون (ایجنسیز) روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ جنگ بندی کی جانب پیش قدمی میں ناکامی کے بعد وائٹ ہاوس نے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ ولادیمیر پوٹن اور وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ ترک صدر نے اس حوالے سے ایک تجویز بھی پیش کی ہے۔پیر کو روس اور یوکرین ممکنہ جنگ بندی کی جانب پیش قدمی میں ناکام رہے۔ تاہم، دونوں ملکوں کے وفود نے استنبول میں اپنی ملاقات میں قیدیوں کے ایک اور بڑے تبادلے پر اتفاق کیا۔ ترکی نے دونوں ملکوں کے درمیان مئی کے وسط میں ہونے والی براہ راست بات چیت کی بھی میزبانی کی تھی۔ترک صدر رجب طیب اردغان نے تجویز پیش کی کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن، یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی اور ٹرمپ اس ماہ کے اواخر میں استنبول یا انقرہ میں تیسرے دور کی میٹنگ کے لیے اکٹھے ہوں۔پوٹن اب تک ایسی ملاقات سے انکار کر تے رہے ہیں۔ لیکن زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ اس کے لیے تیار ہیں۔ یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ اہم مسائل صرف لیڈروں کی سطح پر ہی حل ہو سکتے ہیں۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے واشنگٹن میں کہا کہ ٹرمپ، جو تین سالہ جنگ کا جلد از جلد خاتمہ چاہتے ہیں، سہ فریقی سربراہی اجلاس کے لیے تیار ہیں، اگر ایسا ہوتا ہے، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ یہ دونوں رہنما اور دونوں فریق ایک ساتھ میز پر آئیں۔