یوکرین مسئلہ کا حل بات چیت سے ہی ممکن:چین

   

بیجنگ: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین میں جاری فوجی آپریشن کو مزید ہوا دینے والے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتا ہے ۔وانگ نے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ فون پر بات چیت میں کہا کہ یوکرین کا مسئلہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے ، جس کا تعلق نہ صرف بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں سے بلکہ مختلف فریقوں کے سلامتی کے مفادات سے بھی ہے ۔ انہوں نے امریکہ سے اپیل کی کہ وہ موجودہ بحران کو حل کرنے اور خطہ میں طویل مدتی استحکام برقرار رکھنے پر توجہ دے۔ شہریوں اور ان کی املاک کے تحفظ کی ضمانت کے ساتھ ساتھ وہاں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر بھی قدغن لگایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یوکرین تنازعہ کا حل بات چیت اور باہمی معاہدہ سے ہی ممکن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چین کشیدگی میں کمی اور صورتحال کے سیاسی حل کی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک امریکہ، ناٹو اور یورپی یونین کو بھی روس کے ساتھ بات چیت میں شامل ہونے کی ترغیب دیتا ہے ۔