یوکرین کی افواج کا 40 دیہات روس کے قبضہ سے چھڑانے کا دعویٰ

   

کیف : یوکرین کے صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ اْن کی افواج نے ملک کے جنوب میں 40 دیہات اور قصبوں کا کنٹرول واپس سنبھال لیا ہے۔ یہ دعویٰ روس کی جانب سے یوکرین کے تزویراتی اعتبار سے اہم شہر خیرسن سے اپنی افواج کو نکالنے کے اعلان کے بعد کیا گیا۔قوم سے روزانہ کے خطاب میں صدر ولادومیر زیلنسکی نے کہا کہ ’آج ہمارے پاس جنوب سے اچھی خبریں ہیں۔ یوکرین کے جھنڈے اپنی اصل جگہ پر واپس لگانے کا دفاعی آپریشن پہلے ہی درجنوں مقامات پر کامیاب ہو چکا ہے۔‘صدر زیلنسکی نے بتایا کہ 41 علاقوں کو روس سے ’آزاد‘ کرا لیا گیا ہے۔قبل ازیں روس نے اپنے فوجیوں کو جنوبی یوکرین کے شہر خیرسن کے نزدیکی محاذ سے پیچھے ہٹنے کا حکم دیا تھا۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے چہارشنبہ کو اعلان کیا تھا کہ روسی افواج خیرسن کے قریب دریائے دنیپرو کے مغربی کنارے سے پیچھے ہٹ جائیں گی جو جنگ میں ایک اہم موڑ ہو سکتا ہے۔