یوکرین کی وجہ سے مفاہمت کی میعاد کی توسیع کو خطرہ : روس

   

ماسکو : روسی وزارت دفاع نے کہا ہیکہ یوکرین نے سیواسٹوپول میں روس کے بحیرہ اسود بحری بیڑے پر ڈرون کشتیوں کے ذریعہ حملہ کرکے ضمانتوں کی خلاف ورزی کی اور بحیرہ اسود اناج راہداری سمجھوتے کی میعاد میں اضافہ کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔ روس وزارت دفاع نے جاری کردہ تحریری بیان میں گذشتہ سال ماہ اکتوبر میں ڈرون کشتیوں کے ذریعہ بحیرہ اسود اناج راہداری کی سکیورٹی پر مامور روسی بحری بیڑے کے جہازوں اور سیول بحری جہازوں پر یوکرین کے دہشت گردانہ حملے کی اور جواباً روس کے اناج راہداری سمجھوتے کو التوا میں ڈالنے کی یاد دہانی کروائی ہے۔ صرف ترکیہ کی ضمانتوں اور یوکرین کے اپنی بندرگاہوں کو اور انسانی راہداری کو روس کیخلاف عسکری مقاصد کیلئے استعمال نہ کرنے سے متعلق تحریری یقین دہانیوں کی بدولت اناج راہداری سمجھوتے کی میعاد میں توسیع کی گئی تھی۔ رواں سال میں 23 مارچ اور 24 اپریل کو یوکرین نے دوبارہ ان ضمانتوں کی خلاف ورزی کی اور ڈرون کشتیوں کے ذریعہ روس کے بحیرہ اسود بحری بیڑے کی سیواسٹوپول بندرگاہ اور کریمیا کے شہری انفراسٹرکچر پر بار بار حملے کئے ہیں۔ یوکرین کی ڈرون کشتیوں کے رْوٹ تجزیئے سے ثابت ہوا ہیکہ یہ کشتیاں ، بحیرہ اسود اناج راہدری سمجھوتے کے اطلاق کیلئے طے کردہ اوڈیسا بندرگاہ کے علاقہ سے نکلی ہیں۔ یہ کشتیاں یوکرینی بندرگاہوں کے ان علاقوں میں لنگر انداز ہوئی ہیں جو اناج کے خروج اور انسانی امداد کیلئے مخصوص ہیں۔ کیف انتظامیہ نے ان دہشت گردانہ اقدامات کیساتھ 18 مارچ کے بعد اناج راہداری سمجھوتہ کی توسیع کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔ روس وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے کل ماسکو کے مقامی وقت کے مطابق رات3:30 بجے جاری کردہ بیان میں یوکرین مسلح افواج کی طرف سے سیواسٹوپول میں روس کے بحیرہ اسود بحری بیڑے کی بیس پر ڈرون کشتیوں کے ساتھ حملے کا اور ان کشتیوں کو تباہ کئے جانے کا اعلان کیا تھا۔