یوکرین کے اہم فوجی اڈہ پر میزائل حملہ،کوئی ہلاکت نہیں

   

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی افواج نے پولینڈ کی سرحد کے قریب واقع یوکرین کی ایک اہم فوجی تنصیب پر میزائل حملہ کیا ہے جہاں ناٹوممالک کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کی جاتی تھیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے ملٹری انتظامیہ کے حوالے سے کہا ہے کہ اتوار کو روسی افواج نے بین الاقوامی سنٹر برائے امن اور سکیورٹی پر آٹھ میزائل داغے ہیں تاہم حملے میں کوئی ہلاک نہیں ہوا جبکہ زخمیوں سے متعلق معلومات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔360 مربع کلو میٹر پر محیط عسکری تنصیب پولینڈ کی سرحد سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے جو مغربی علاقے میں قائم بڑی اور وسیع تنصیبات میں سے ایک ہے۔یوکرین کے وزیر دفاع اولیکسی ریجنیکوف نے ٹویٹ کیا کہ ’روس نے لوویو (مغربی شہر) کے قریب واقع انٹرنیشنل سنٹر برائے امن اور سکیورٹی پر حملہ کیا ہے۔ غیر ملکی انسٹرکٹرز بھی یہاں کام کرتے ہیں۔ متاثرین سے متعلق معلومات واضح کی جا رہی ہیں۔ یورپی یونین اور نیٹو سرحد کے قریب امن و سلامتی پر یہ نیا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ یہ روکنے کے لیے کارروائی کی جائے۔برطانوی وزارت دفاع نے بھی اتوار کو ٹویٹ میں کہا کہ خرکیف اور ماریوپل سے روسی افواج مشرق کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں اور یوکرینی فوج کو اپنے حصار میں لینے کی کوشش کر رہی ہیں۔اس سے قبل یوکرین نے جنگ زدہ علاقے سے نقل مکانی کرنے والے شہریوں پر حملے کا الزام روسی افواج پر عائد کیا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت سات شہری ہلاک ہوئے ہیں۔