یوکرین کے روسی ایئربیس پر ڈرون حملے‘ 10افراد زخمی

   

کیف : یوکرین کی جانب سے روس کی فضائی حدود میں ڈرون حملے کئے گئے جس سے 10 روسی زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے یوکرین کے 132 ڈرون گرانے کا دعویٰ کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یوکرین نے روس کے اہم اسٹرٹیجک بمبار ایئر فیلڈ کو ڈرونز سے نشانہ جس کے نتیجے میں بڑا دھماکا ہوا اور جنگ کی فرنٹ لائن سے تقریبا 700 کلو میٹر دور آگ لگ گئی۔ حملے کے نتیجے میں قریبی عمارتیں کو بھی نقصان پہنچا۔ روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ روسی علاقوں میں یوکرین کے 132 ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا جب کہ روسی حکام نے یوکرینی ڈرون حملوں کے بعد علاقہ میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ واضح رہے کہ اینگلز ایئر بیس کا تعلق سوویت دور سے ہے اور اس میں روس کے نیوکلیر صلاحیت کے حامل توپولیف ٹی یو160 طیارہ موجود ہیں جنہیں غیر سرکاری طور پر وائٹ سوان کے نام سے جانا جاتا ہے۔دوسری جانب روسی فوج نے بھی جمہوریہ چیک کے صدر کے دورئہ یوکرین کے موقع پر اوڈیسا پر ڈرون سے کارروائی کی،جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی حملے میں عمارتوں کو نقصان پہنچا جب کہ 25گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔