یوگا انسان کوپوری انسانیت کو وسیع عالمی شعور سے جوڑنے کا مضبوط ذریعہ

   

جبلپور میں عالمی یوم یوگا کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی شرکت اور مبارکباد

نئی دہلی، 21 جون (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ یوگا انسان کو خود سے ، معاشرے کو فطرت سے اور پوری انسانیت کو وسیع عالمی شعور سے جوڑنے کا ایک مضبوط ذریعہ ہے ۔ آج دنیا جب کئی چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے ، تب یوگا انسانیت کو امن، توازن، ہم آہنگی اور اجتماعی بہبود کا راستہ دکھانے میں اہم رول ادا کر سکتا ہے ۔محترمہ مرمو نے عالمی یوم یوگا کے موقع پر اتوار کو جبل پور میں منعقدہ اجتماعی یوگا پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے پوری دنیا کے یوگا کرنے والوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ہندوستان کی اس عظیم روایت کا جشن منا رہے ہیں، جس نے انسانیت کو صحت مند، متوازن اور بامقصد زندگی کا راستہ دکھایا ہے ۔ یوگا عالمی برادری کو ہماری ثقافتی وراثت کی طرف سے ملا ایک انمول تحفہ ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ سال 2014 میں، ہندوستان کی پہل پر، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ہر سال 21 جون کو عالمی یوم یوگا کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ اس اعلان سے عالمی بہبود کے ایک مضبوط ذریعے کے طور پر یوگا کے طریقے کی پہچان اور بھی مضبوط ہوئی ہے ۔ آج دنیا کے کئی ممالک میں کروڑوں لوگ یوگا کو اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنا رہے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ عالمی یوم یوگا 2026 کی تھیم “صحت مند عمر کے لیے یوگا” معاشرے کے بزرگ ارکان کی صحت مند، سرگرم، خود کفیلی اور باوقار زندگی کے لیے یوگا کی افادیت کو ظاہر کرتی ہے ۔ آج ہم جو لائف اسٹائل اپناتے ہیں، وہی ہمارے آنے والے وقت کی صحت اور خوشی کی اساس بنتی ہے ۔ یوگا بڑھتی عمر میں بھی انسان کے سرگرم اور خود کفیل بنے رہنے میں مددگار ہوتا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی، ذہنی سکون اور جذباتی توازن بھی فراہم کرتا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ مرکزی حکومت یوگا کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے ، یوگا کی تعلیم، ریسرچ، ٹریننگ اور عوامی بیداری کے شعبے میں مسلسل کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوگا سے جڑے اداروں کی مخلصانہ کوششوں کے بدولت یوگا عام لوگوں تک پہنچے گا اور تمام انسانیت کی بہبود کا سنگ بنیاد بنے گا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ کی زندگی کا اٹوٹ حصہ بنائیں۔ ایسا کر کے وہ صحت مند انسان، صحت مند خاندان، صحت مند معاشرے ، صحت مند ملک اور صحت مند دنیا کی تعمیر کے عظیم مقصد میں اپنا تعاون دیں گے ۔