یوگا ہمیں تناؤ سے قوت اور منفی رجحان سے مثبت رجحان کی طرف لے جاتا ہے :ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

   


نئی دہلی: یوگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہکامیاب اور بامقصد زندگی گزارنے کے لیے انسان کا جسمانی اعتبار سے صحت مند ہونا نہایت ضروری ہے ۔یہ بات انہوں نے یوگا ڈے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ جسم کو صحت مند رکھنے میں یوگا اہم رول ادا کرتا ہے ، ہم یوگا کو اپناکر اپنی زندگی کو صحت مند اور کارگر بنا سکتے ہیں۔چونکہ ایک صحت مند انسان ہی زندگی میں کامیابیوں سے ہم کنار ہو سکتا ہے ، اِس لیے ہمیں اپنی زندگی کے معمولات میں یوگا کو ضرور شامل کرنا چاہیے ۔ ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ یوگا کا تعلق ہندوستانی تہذیب سے ہے اور یہ ہندوستانی وراثت کا اہم جز ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یوگ ہندوستان کی قدیم روایت و ثقافت کا ایک انمول تحفہ ہے ۔ یہ دماغ اور جسم، انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور صحت مند و تندرست رہنے کا ایک جامع نظریہ پیش کرتا ہے ۔ یہ محض ورزش نہیں ہے بلکہ جسمانی و روحانی سکون و طمانیت کا ذریعہ بھی ہے ۔ یوگا زندگی کے طور طریقوں میں خوشگوار بدلاؤ لاکرہمارے لیے مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔ شیخ عقیل احمد نے اپنے بارے میں بتایا کہ وہ ہر روز صبح بیس سے پچیس منٹ تک یوگا کرتے ہیں جس کا ان کی زندگی پر مثبت اثر پڑا ہے اور غیر معمولی فوائد حاصل ہوئے ہیں۔شیخ عقیل احمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا یہ قول یوگ کی بہترین تعریف ہے کہ یوگا ہمیں تناؤ سے قوت اور منفی رحجان سے مثبت رجحان اور تخلیقیت کی سمت لے جاتا ہے ۔ قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر نے کہا کہ وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک کی قیادت میں این سی پی یو ایل ہندوستان کی اس اہم وراثت کو آگے بڑھانے کے لیے یوگا پر تحریر کردہ کتابوں کو اردو زبان میں شائع کرے گی اور پوری اردو دنیا کو یوگا کی جسمانی و طبی اہمیت سے روشناس کروائے گی۔