لکھنؤ:17 مارچ(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اترپردیش میں اپنی حکومت کے میعاد کار کا تین سال مکمل کرنے والے بی جے پی کے پہلے وزیر اعلی ہیں۔ا س سے پہلے کلیان سنگھ، رام پرکاش گپت اور راج ناتھ سنگھ بی جے پی کے وزیر اعلی رہے ہیں لیکن کوئی بھی تین سال کی مدت کار پورا نہیں سکا۔سال 1991 کے اسمبلی انتخابات میں مکمل اکثریت کے بعد کلیان سنگھ نے 24 جون 1991 کو ریاست کے وزیر اعلی کا حلف لیا لیکن 6دسمبر 1992 کو اجودھیا میں بابری مسجد کے انہدام کے بعد مرکز میں پی وی نرسمہا راؤ کی حکومت نے اترپردیش کو حکومت کو برخاست کردیا تھا۔سال 1997 کے اسمبلی انتخابات میں اترپردیش میں کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہیں ملی ۔بی جے پی نے بہوجن سماج پارٹی کے ساتھ مل کر چھ۔ چھ مہینے کی شرط پر حکومت بنائی۔بہوجن سماج پارٹی کی مایاوتی نے اپنے چھ مہینے کا میعاد کار پورا کرلیا اور اس کے ایک مہینے بعد ہی حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لی۔بی جے پی نے کانگریس اور بی ایس پی کے 20۔20 اراکین اسمبلی کو توڑ کر اپنی حکومت بچا لی۔دلچسپ ہے کہ اپنی پارٹی سے الگ ہوئے سبھی اراکین اسمبلی کو وزیر بنایا گیا اور اترپردیش میں وزراء کی تعداد 100 ہوگئی تھی۔ اس وقت وزراء کی تعداد 15 فیصد سے زیادہ نہ رکھنے کا قانون نہیں تھا۔وزیر اعلی کلیان سنگھ ہی بنے رہے اور ستمبر 1997 سے 11جون 1999 تک وزیر اعلی رہے ۔ لیکن بی جے پی سے بغاوت کرنے کے پاداش میں انہیں وزیر اعلی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی انہیں مرکز میں وزیر بنانا چاہتے تھے لیکن کلیان سنگھ نے منع کردیا ور علیحدہ پارٹی بنا لی۔کلیان سنگھ کے بعد رام پرکاش گپت کو 12 جون 1999 کو وزیر اعلی کا حلف دلایا گیا لیکن اکتوبر 2000 میں انہیں ہٹا کر راج ناتھ سنگھ کو وزیر اعلی بنادیا گیا۔ان کی میعاد کارمارچ 2002 تک تھی۔اترپردیش میں سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے مکمل اکثریت حاصل کی اور اس کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے 19 مارچ کو چیف منسٹرکا حلف لیا ۔
