نئی دہلی: کثیرلسانی نیوز ایجنسی یونائیٹڈ نیوز آف انڈیا(یواین آئی) کو ہندوستان کے معروف انگریزی اخبار اسٹیٹسمین نے اپنی تحویل میں لے لیاہے ۔یہ نیوز ایجنسی پچھلے کئی برسوں سے مالی بحران اور کئی مسائل سے دوچار رہی ہے اور اب اس کو فعال اور متحرک بنانے کے لیے نئی انتظامیہ نے ہنگامی طورپر اقدامات شروع کردیے ہیں ۔ اس سلسلے میں شیخ منظور احمدکو، جو کئی دہائیوں سے یواین آئی کی انگریزی اور اردو سروس سے وابستہ رہے ہیں ، نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور انھیں خبروں کے شعبے کو مستحکم اور وسعت دینے کے لیے صلاح کار ایڈیٹر (نیوز) مقررکیاگیاہے ۔انتظامیہ اس خبر رساں ایجنسی کے ہر شعبے کی توسیع کامنصوبہ رکھتی ہے تاکہ سبسکرائبرس کو تازہ ترین اور معیاری خبریں بروقت موصول ہوسکیں ۔ حال ہی میں نیشنل کمپنی لا ٹربیونل (این سی ایل ٹی )نے اس نیوز ایجنسی کو از سرنو بحال کرنے کے لیے روزنامہ اسٹیٹسمین کو مالکانہ اختیاردیے ہیں ۔اس سلسلے میں حال ہی میں انتظامیہ کی طرف سے تمام سبسکرائبرس کو خطوط بھی ارسال کیے گئے ہیں ۔
جس میں یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس خبر رساں ایجنسی کے وقار اور معتبریت کو بحال کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائیگی۔
اس سلسلے میں تجربہ کار اور سنجیدہ نامہ نگار اور صحافیوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ یہ ایجنسی اخباروں اور دیگر سبسکرائیبرس کے لیے خبروں کی ترسیل میں اسی طرح کا وقار حاصل کرسکے جو ماضی میں اس نے اپنی غیرجانبدارانہ صحافت کے لیے حاصل کیے تھے ۔
واضح رہے کہ شیخ منظور احمد اردوکے ایڈیٹر رہ چکے ہیں اس لیے انھیں اردو سروس کی پرانی شان شوکت کو ازسرنوبحال کرنے کی بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔