ابوظہبی: روس میں تیار کردہ کووِڈ۔19 کی ویکسین کی متحدہ عرب امارات میں انسانوں پر دوسری آزمائش کی جارہی ہے۔سپوتنک پنجم (وی) کا پہلا انسانی ٹرائل بیلارس میں کیا گیا ہے۔کریملن نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ سپوتنک پنجم کی دوسری انسانی آزمائش کے نومبر کے آخر میں نتائج متوقع ہیں۔روسی حکومت نے اگست میں اس کی ملک میں استعمال کی منظوری دی تھی۔اس وقت اس کی ماسکو میں چالیس ہزار رضاکاروں پر آزمائش کی جارہی ہے۔یو اے ای کی وزارت صحت نے ملک میں اس کے ٹرائل کی منظوری دی ہے۔اس عمل کو مقامی لیبارٹری ’پیورہیلتھ ‘عملی جامہ پہنائے گی جبکہ روس کا خود مختار دولت فنڈ بیرون ملک کورونا وائرس کی اس ویکسین کی مارکیٹنگ کا ذمہ دار ہے۔روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ کیرل دمتریف نے ایک بیان میں کہا ہیکہ ’’ یو اے ای میں ویکسین کی آزمائش کے نتائج کا روس اور دوسرے ممالک میں ٹرائل کے نتائج سے موازنہ کیا جائے گا۔‘‘تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایاکہ یواے ای میں کتنے افراد پر اس ویکسین کو آزمایا جائے گا۔دوسری جانب امارات کے وزیر صحت عبدالرحمان بن محمد الاویس کا کہنا ہے کہ ’’ملک میں متنوع آبادی رہ رہی ہے اور دو سو سے زیادہ اقوام کے افراد مقیم ہیں،اس لیے یہاں ویکسین کا آزمائشی تجربہ سود مند رہے گا۔‘‘