یو اے ای پر سائبر حملوں کی یلغارایک دن میں 6 لاکھ 40 ہزار حملے

   

دبئی۔ 25 ستمبر (ایجنسیز) ایران تنازعہ کے دوران متحدہ عرب امارات کو بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کا سامنا ہے اور اماراتی حکام کے مطابق صرف ایک دن میں 6 لاکھ 40 ہزار سائبر حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان حملوں میں توانائی اور دیگر اہم قومی انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کوششیں شامل تھیں۔یو اے ای کے سائبر سکیورٹی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر محمد الکویتی کے مطابق حملہ آوروں نے تیل و گیس، بجلی، پانی، سرکاری نظام اور مالیاتی شعبے کو ہدف بنایا۔ ان کے مطابق حکام نے متعدد حملوں کو بروقت شناخت کرکے ان سے نمٹنے میں کامیابی حاصل کی۔اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ سائبر حملوں کی شدت اس سے قبل بھی بہت زیادہ رہی ہے۔ رواں سال اپریل میں حملوں کی تعداد تقریباً 8 لاکھ یومیہ تک پہنچ گئی تھی، جبکہ حالیہ حملوں کی تعداد اس بلند ترین سطح سے کم ہونے کے باوجود معمول سے کہیں زیادہ ہے۔