یو پی میں استعمال کی گئی بائیکوں پر ریاست میں انتخابی مہم

   

Ferty9 Clinic

بی جے پی کی منصوبہ بندی ۔ 150 گاڑیاں یو گی آدتیہ ناتھ نے تلنگانہ کیلئے روانہ کردیں

حیدرآباد۔2ستمبر(سیا ست نیوز)شہر کے علاوہ ریاست میں بی جے پی اترپردیش اسمبلی انتخابات میں استعمال کی گئی موٹر بائیک استعمال کرکے انتخابی مہم چلانے کی منصوبہ بندی کرچکی ہے اور اتر پردیش سے 150 موٹر بائک شہر پہنچادیئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے شہر کیلئے روانہ ان موٹر بائکس کے سلسلہ میں کہاجا رہاہے کہ پارٹی کارکنوں کی جانب سے ان کو ریالیوں کیلئے استعمال کیا جائیگا اور جن مقامات پر انتخابات ہونے والے ہیں ان میں کارکن پارٹی کے کام ان پر انجام دیں گے جن پر پارٹی کا امتیازی نشان کمل موجود ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بی جے پی نے مجوزہ بلدی انتخابات کو اپنا ہدف بنایا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام بلدی حلقوں تک ان بائیکوں پر رسائی حاصل کی جائے۔ اتر پردیش انتخابات میں مستعملہ ان موٹر سیکلوں کو حیدرآباد اور تلنگانہ میں استعمال کرنے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق پارٹی کے ذرائع کا کہناہے کہ ریاست میں پارٹی کو کامیاب بنانے وہی حکمت عملی اختیار کی جائے گی جو اتر پردیش میں اختیار کی گئی تھی اور اتر پردیش میں استعمال ان بائیکوں کے متعلق بی جے پی قائدین کا کہناہے کہ ان سے ان کا جذباتی لگاؤ ہے اور وہ ان کے استعمال کو اچھا شگون تصور کر رہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ملک کی دیگر ریاستوں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کو کسی اور ریاست میں 6ماہ تک استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن اسکے بعد اگر ان گاڑیوں کو اسی نمبر کے ساتھ چلایاجاتا ہے تو گاڑی کے مالکین پر جرمانہ عائد کئے جانے کی گنجائش موجود ہے۔ محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں اتر پردیش کی بائیکں کی موجودگی کے سلسلہ میں ان کے پاس ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن اگر ہیں بھی تو ان پر 6ماہ تک کوئی چالان یا جرمانہ عائد نہیں کیا جاسکتا اسی لئے اس بات کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ ریاست میں یہ بائیکس کب سے ہیں اور ان کا کس مقصد کیلئے استعمال کیا جا رہاہے ۔ بی جے پی قائدین کا کہناہے کہ پارٹی کی جانب سے 133بلدیات کیلئے کلسٹر کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایاجاچکا ہے اور ریاست میں رکنیت سازی مہم کیلئے بھی ان موٹر وہیکلس کا استعمال کیا جاتا رہاہے۔