یو پی میں لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی

   

۔20 ہزار ایف آئی آر ، 60 ہزار مقدمات اور 7.7 کروڑ جرمانہ
لکھنو ۔ 16 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہلک وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن پر عمل کیا جارہا ہے ۔ اترپردیش میں لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے 19448 ایف آئی آر درج کئے ہیں اور 60,258 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کی جارہی ہے ۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جرمانے کے طور پر 7.7 کروڑ روپئے وصول کئے گئے ہیں۔ خاص طور پر اضلاع میں لاک ڈاون پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے ۔ پو لیس نے عوام کو گھروں پر رہنے کی تاکید کی ہے۔ پھر بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جارہا ہے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری (ہوم) اویناش اوستھی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بڑے پیمانہ پر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ج ارہی ہے۔ دفعہ 188 ء کے تحت ایف آئی آر درج کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے لاک ڈاؤن کے دوران بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی ہے۔