یو پی میں چارباغ ریلوے اسٹیشن سمیت3 مقامات پر بم کی اطلاع سے ہلچل

   

لکھنؤ :اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں ہفتہ کی دیر رات گئے تین اہم مقامات پر بم ہونے کی اطلاع ملنے سے سیکوریٹی ایجنسیوں میں ہلچل مچ گئی۔ آناً فاناً میں بم ڈسپوزل، میٹرو سیکوریٹی اور یو پی ایس ایس ایف کی ٹیموں نے تلاشی مہم شروع کر دی۔ بم کی اطلاع دینے والے نمبر کو ٹریس کیا گیا تو وہ سوئچ آف ملا۔ فی الحال سبھی جگہوں پر ڈاگ اسکواڈ، بم ڈسپوزل ٹیم کی مدد سے تلاشی لی گئی لیکن کوئی بھی مشتبہ اشیاء برآمد نہیں ہوئی۔ دیر رات تک تلاشی کا کام جاری رہا۔پولیس کو ڈائل 112 کے توسط سے بم ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ کال کرنے والے نے بتایا تھا کہ حسین گنج میٹرو اسٹیشن، چار باغ ریلوے اسٹیشن اور عالم باغ بس اسٹینڈ پر بم رکھا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ مل کر ان تین مقامات پر اور ان کے آس پاس گہرائی سے تلاشی مہم کی لیکن انہیں کوئی بھی مشتبہ اشیاء نہیں ملی۔حسین گنج میٹرو اسٹیشن پر بھی بم ہونے کی اطلاع ملی تھی جس کی وجہ سے میٹرو اسٹیشن کو فوراً خالی کروا دیا گیا اور بم ڈسپوزل دستہ نے پورے میٹرو اسٹیشن کی تلاشی لی لیکن یہاں سے بھی کوئی مشتبہ اشیا نہیں برآمد ہوئی۔اس پورے معاملے میں اتر پردیش کے اے ڈی سی پی منیشا سنگھ نے بتایا ہے کہ بم کی اطلاع جھوٹی پائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرضی اطلاع دینے والے شخص کے خلاف اس کے موبائل نمبر کے آدھار پر رپورٹ درج کی جائے گی اور اس کی تلاش کی جا رہی ہے۔