یو پی میں کئی گاؤں زیر آب،گجرات میں بھاری بارش

,

   

لکھنو / احمد آباد: نیپال کے پہاڑوں پر ہورہی تیز بارش سے اترپردیش کے ضلع بہرائچ سے ہوکر بہنے والی گھاگھرا اور سریو ندی کے آبی سطح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس سے کئی گاؤں کے مکین سیلاب میں پھنس گئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے منگل کو بتایا کہ نیپال سے چھوڑے گئے پانی سے بہرائچ کی مہسی تحصیل علاقے کے گھاگھرا و سریو ندی کے آبی سطح میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے ۔ندی کے آبی سطح میں اضافے سے مہسی تحصیل کے گاؤں نئی بستی،تارا پوروا،جوگلا پوروا، چھترپوروا، اہرن پوروا، لونین پوروا، پوربین پوروا اور ملاحن پوروا گاؤں زیر آب آگئے ہیں۔ اُدھر گجرات میں منگل کو لگاتار تیسرے روز موسلادھار بارش سے ریکارڈ ہوئی جس کے سبب زائد از ایک ہزار افراد کا محفوظ مقامات پر تخلیہ کرانا پڑا۔ تاہم آسام میں سیلاب کی شدت میں کمی آگئی ہے اور کئی مقامات پر سطح آب گھٹ رہی ہے۔ وہاں تقریباً دو لاکھ افراد بدستور متاثر ہیں۔ دہلی میں مزید بارش ہوئی اور آئندہ تین تا چار یوم میں بھی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ہریانہ و پنجاب میں موسم خوشگوار ہے جبکہ اترپردیش اور راجستھان میں وسیع تر علاقے بارش کی لپیٹ میں ہیں۔ہماچل پردیش میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔