یو پی کو آتما نربھر بنانے 5.5 لاکھ کروڑ کا بجٹ پیش

   


لکھنؤ: اترپردیش کو آتما نربھر یا خود مکتفی بنانے کے مقصد سے یوگی ادتیہ ناتھ حکومت نے آج ریاستی حکومت میں مالی سال 2021-22ء کیلئے 5,50,370.78 کروڑ روپئے کا بجٹ پیش کیا۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات کیلئے ایک سال سے کم عرصہ باقی ہے جس کے پیش نظر بجٹ میں 27,598.40 کروڑ روپئے کی نئی اسکیمات شامل کی گئی ہیں۔ وزیر فینانس سریش کمار کھنہ نے چیف منسٹر کی موجودگی میں بجٹ پیش کیا جو رقمی جسامت کے اعتبار سے گزشتہ بجٹ کے مقابل 37,410 کروڑ روپئے زیادہ ہے۔ اس طرح یہ سب سے بڑا بجٹ الاٹمنٹ ثابت ہوا ہے۔ بجٹ کی تقریر لیاپ ٹاپ سے دیکھ کر پڑھتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت کا نشانہ حکومت کو خودمکتفی بنانا اور ریاست کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ ادتیہ ناتھ حکومت کا پہلا بجٹ ہے جو کاغذ استعمال کئے بغیر پیش کیا گیا۔ یہ اگلے یوپی اسمبلی چناؤ سے قبل ریاست میں موجودہ حکومت کا پانچواں بجٹ بھی ہے۔