یکساں سیول کوڈ کیخلاف لاء کمیشن کو اپنی رائے دینے کی اپیل

   

محبوب نگر میں عیدالاضحی کا جوش و خروش سے انعقاد ، تقی حسین تقی و دیگر کا خطاب

محبوب نگر : 30 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر میں نماز عیدالاضحی نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ مستقر محبوب نگر پر مصلیوں کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ وقف رحمانیہ پر دیکھا گیا جہاں ہزاروں فرزندان توحید نے نماز عیدالاضحی ادا کی ۔ مولانا حافظ اسمعیل صاحب امام جامع مسجد محبوب نگر نے نماز عید کی امات فرمائی اور مسائل و فضائل قربانی پر خطاب کیا ۔ صدر عیدگاہ کمیٹی محمد تقی حسین تقی نے شادی بیاہ میں اسراف اور فضول خرچی سے اجتناب کرنے کو ضروری قرار دیا اور یکساں سیول کوڈ کے خلاف لاء کمیشن کو اپنی رائے روانہ کرنے کی اپیل کی ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس کے علاوہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کیلئے بھی انہوں نے سیاسی و سماجی قائدین کو متحرک ہونے کی اپیل کی ۔ حافظ ادریس معتمد نے بھی مخاطب کیا ۔ عیدگاہ سے متصل قومی یکتا کمیٹی کی جانب سے نصب کئے گئے کیمپ میں ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ ، منے سرینواس ریڈی ایم پی ، امتیاز اسحق چیرمین ریاستی مائناریٹی فینانس کارپوریشن ، نرسمہلو چیرمین میونسپلٹی ، عبدالرحمن چیرمین مارکٹ کمیٹی ، خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ رکن وقف تحفظ کمیٹی ، عبید اللہ کوتوال ریاستی نائب صدر کانگریس و دیگر نے مصلیوں سے بغلگیر ہوتے ہوئے عید کی مبارکباد دی ۔ ریاستی وزیر نے اس موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقلیتی ویلفیر اقدامات کا تذکرہ کیا ۔ اس موقع پر سینئر بی آر ایس قائد محمد محسن خان ، کمشنر بلدیہ پردیپ کمار و عیدگاہ کمیٹی کے ذمہ داران کے علاوہ شہر کی معزز شخصیتیں موجود تھیں ۔ عیدگاہ کے علاوہ شہر کی دیگر اہم مساجد مسجد شاہ صاحب گٹہ ، مسجد منیر ، مسجد نور ، موتی مسجد ، مسجد سعد بن معاذ ، گول مسجد ، مسجد صوفیہ ، مسجد المدینہ ، مدینہ مسجد ، سراج العلوم ، مدرسہ الکوثر اور دیگر کئی مساجد میں بھی مصلیوں کی بڑی تعداد نے نماز عیدالاضحی ادا کی ۔