اسکول اور کالجس میں شعور بیداری مہم ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا زوم اجلاس
حیدرآباد ۔ 24۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کے ساتھ زوم اجلاس منعقد کرتے ہوئے جنوری میں نیشنل روڈ سیفٹی تقاریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر ٹرانسپورٹ المبرتی ، جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر رمیش چندر شیکھر ، شیوا لنگیا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ پونم پربھاکر نے بتایا کہ یکم تا 30 جنوری قومی روڈ سیفٹی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ریاستی وزراء عوامی نمائندوں کے علاوہ آئی پی ایس اور آئی اے ایس عہدیداروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ ہر گاؤں میں اسکول اور کالجس میں روڈ سیفٹی سے متعلق شعور بیداری مہم چلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی شعور بیداری میں تلنگانہ ملک میں نمبر ون ریاست ہونی چاہئے ۔ طلبہ ، ڈرائیورس اور ہر شہری کو روڈ سیفٹی کے بارے میں باشعور بنایا جائے۔ پونم پربھاکر نے اس مہم میں این ایس ایس والینٹرس ، روٹری کلبس اور دیگر رضاکارانہ تنظیموں کو شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 26 جنوری کو رضاکارانہ تنظیموں اور افراد کو ستائشی مکتوب حوالے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام میں شعور بیداری مہم اہم رول ادا کرے گی۔ مہم کے تحت مختلف مقابلوں کا اہتمام کرتے ہوئے طلبہ و نوجوانوں کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے بائیک ریالیوں ، بلڈ ڈونیشن کیمپ اور مراتھن دوڑ کا اہتمام کرنے کا مشورہ دیا۔ ضلع روڈ سیفٹی کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کے لئے متاثرہ علاقوں میں شعور بیداری مہم پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے آر ٹی اے عہدیداروں اور ارکان سے مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی۔1
