یکم جنوری سے ٹول ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کا لزوم

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ میں فاسٹ ٹیگ اسٹیکر کی سہولت، اہم شخصیتوں کو مفت پاسیس کی اجرائی
حیدرآباد۔ ملک بھر میں یکم جنوری سے FastTag لازمی ہوگا اور نقد رقم ادا کرتے ہوئے ٹول پلازہ کو عبور کرنا ناممکن ہوگا۔ملک کی کئی اہم شاہراہوں اور آؤٹر رنگ روڈپر وصول کئے جانے والے ٹول ٹیکس کی آن لائن ادائیگی یکم جنوری سے آن لائن ہی ممکن ہوپائے گی ۔مرکز کے ٹول ٹیکس سے متعلق احکامات کے مطابق 31ڈسمبر تک شاہراہوں پر نقد ادائیگی کی سہولت کیلئے ایک یا دو راہداریاں رکھی گئی تھیں لیکن اب 31 ڈسمبر کی رات 12 بجے سے یہ نقد ادائیگی والی راہداریوں کو بند کردیا جائے گا اور ان شاہراہوں کے استعمال کیلئے لازمی ہوگا کہ موٹر کاروں کے پاس فاسٹ ٹیگ رکھیں اور آن لائن ادائیگی کے ذریعہ ہی ان شاہراہوں کا استعمال کرپائیں گے جن شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے ذریعہ سفر کرنا ہے۔ تلنگانہ میں حکومت نے اس سلسلہ میں شعور بیداری مہم کے علاوہ ریاست بھر کی شاہراہوں پر فاسٹ ٹیگ کے اسٹیکر لگانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جن گاڑیوں کو فاسٹ ٹیگ نہیں ہوگا ان گاڑیوں کو یکم جنوری سے کسی بھی صورت میں ان شاہراہوں پر سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے احکامات کے مطابق ملک کی کسی بھی شاہراہ پر جہاں ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوتا ہے ان پر منتخبہ عوامی نمائندوں ارکان پارلیمان‘ ارکان راجیہ سبھا‘ ارکان اسمبلی ‘ اراکین قانون ساز کونسل کے علاوہ مرکزی وریاستی وزراء کو مفت پاسیس کی اجرائی 31 ڈسمبر 2020سے قبل کردی جائے گی۔ اس سلسلہ میں تمام ریاستوں کے علاوہ پارلیمانی سیکریٹریٹ سے بھی مکمل تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں اور ان مفت پاسیس کی اجرائی عمل میں لائی جانے لگی ہے ۔شاہراہوں کا استعمال کرنے والی خواہ کوئی گاڑی ہو اس کیلئے FsatTag کے بغیر شاہراہ کا استعمال ممکن نہیں ہوگا اور جو گاڑیاں بغیر فاسٹ ٹیگ کے شاہراہ کے ٹول پلازہ پر پہنچیں گی انہیں بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔