یہ ایک لکھ ہوئی کتاب ہے (حفاظت کے لیے) دیکھتے رہتے ہیں

   

یہ ایک لکھ ہوئی کتاب ہے (حفاظت کے لیے) دیکھتے رہتے ہیں اسے مقربین، بے شک نیکو کار راحت وآرام میں ہوں گے، پلنگوں پر بیٹھے (مناظر جنت کا) نظارہ کر رہے ہوں گے۔ آپ پہچان لیں گے ان کے چہروں پر راحتوں کی شگفتگی، اُنہیں پلائی جائے گی سربمہر خالص شراب، اس کی مہر کستوری کی ہوگی، اس کے لیے سبقت لے جانے کی کوشش کریں سبقت لے جانے والے ۔ (سورۃ المطففین ۲۰ تا ۲۶ ) 
ابرار وصالحین کے ساتھ جو لطف وکرم فرمایا جائے گا اس کا بیان ہورہا ہے ۔ رَحِیقِ : پاکیزہ اور صاف شراب کو کہتے ہیں ۔ مقاتل نے کہا ہے پرانی شراب جس کا رنگ سفید ، جو ہر میل سے پاک اور چمک دار ہو اِسے رحیق کہتے ۔ (قرطبی ) خِتٰمُہٗ مِسْکٌ: اس کا مطلب یہ ہے کہ جن بلوریں مٹکوں میں رکھی ہوئی ہوگی۔ وہ سربمہر ہوں گے اور مہر بھی کستوری کی لگی ہوگی تاکہ کوئی دوسرا آدمی ان کو ہاتھ تک نہ لگا سکے ۔ جب بندگان خاص وہاں تشرف لے جائیں گے تو یہ مشک سے سربمہر کئے ہوئے مٹکے کھولے جائیں گے اور خوبصورت نقرئی جاموں میں ڈال کر یہ شراب اُنہیں پیش کی جائے گی۔ بعض نے کہا ہے کہ مختوم کا معنی مخروج ہے۔ یعنی اس میں خالص کستوری ملی ہوگی۔ دنیا کی شرابوں کی طرح اس سے بدبو نہیں اُٹھ رہی ہوگی اور بعض علماء فرماتے ہیں کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جب اس شراب کا آخری گھونٹ پئیں گے تو انہیں یوں محسوس ہوگا کہ اس میں مشک گھول دی گئی ہے اور تادیر یہی مہک انہیں محسوس ہوتی رہے گی۔ تنافس: تسابق (لسان) یعنی اگر تم کسی چیز کے حصول میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانا چاہتے ہو تو یہ نعمت اس قابل ہے کہ تم ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرو۔ (قرطبی) (جاری ہے )