نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وہ دہلی کے لوٹینز علاقے میں واقع سرکاری رہائش گاہ ’10 جن پتھ ‘ کو زیادہ پسند نہیں کرتے، کیونکہ ان کے والد راجیو گاندھی کی یہ آخری رہائش گاہ ثابت ہوئی۔ انہوں نے یہ تبصرہ دیوالی کے موقع پر کچھ پینٹر اور کمہار خاندانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو میں کیا۔ اس ویڈیو میں بھانجہ ریحان راجیو وڈرا بھی ان کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں راہول اور ریحان کو بھی مصوروں کے ساتھ کام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو میں راہول اپنے بھانچہ سے کہتے ہیں کہ میرے والد کا بھلے ہی یہاں مقیم رہتے ہوئے دیہانت نہیں ہوا لیکن مجھے یہ بنگلہ زیادہ پسند نہیں کیوں کہ یہ ان کی آخری رہائش گاہ بن گئی۔سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو 21 مئی 1991 کو سری پرمبدور، تمل ناڈو میں دہشت گرد عناصر نے قتل کر دیا تھا۔ اس وقت کے اپوزیشن لیڈر راجیو گاندھی کی سرکاری رہائش گاہ ’10 جن پتھ ‘ تھی۔ تب سے ان کی اہلیہ اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی اس رہائش گاہ میں رہتی ہیں۔