جولانہ ۔ خاتون ریلسر وینیش پھوگاٹ نے ہریانہ انتخابات میں شاندار کامیابی درج کی ہے۔ انہوں نے جولانہ اسمبلی سیٹ سے اپنی جیت کا جھنڈا لہرایا ہے۔ ونیش کو شروع سے ہی اس سیٹ پر برتری حاصل تھی، جس کا نتیجہ بالآخر ان کے حق میں نکلا۔ ونیش پھوگاٹ نے پیرس اولمپکس کے بعد ریسلنگ سے سبکدوشی لے لی تھی جس کے بعد انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر ہریانہ میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم گرو، کوچ اور والد جیسے چچا مہاویر پھوگاٹ ونیش کے اس فیصلے کے خلاف تھے لیکن، ونیش نے پھر بھی الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی اس کامیابی کی دوڑ میں ونیش پھوگاٹ نے بی جے پی امیدوارکو شکست دی۔ ونیش پھوگاٹ نے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں جملہ 5761 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ جولانہ سیٹ سے مقابلہ کرتے ہوئے کانگریس امیدوار ونیش پھوگاٹ نے بی جے پی کے کیپٹن یوگیش بیراگی کو شکست دی۔ اب ونیش کو اس کی شاندار جیت پر مبارکباد دینے والوں کا سیلاب ہے۔ ونیش کو مبارکباد دینے میں ہندوستانی پہلوان بجرنگ پونیا سب سے آگے رہے۔ شروع سے ونیش کے ساتھ کھڑے ہونے والے بجرنگ نے نہ صرف انکی جیت کا جشن منایا بلکہ ایک اہم بات بھی کہی۔ ونیش پھوگاٹ کی جیت پر، بجرنگ پونیا نے کہا کہ یہ لڑائی صرف جولانہ سیٹ یا 3۔4 امیدواروں کے خلاف نہیں تھی۔ یہ صرف پارٹیوں کے درمیان لڑائی نہیں تھی۔ بلکہ یہ لڑائی ملک کی سب سے مضبوط جابر طاقتوں کے خلاف تھی، جس میں ونیش کی جیت ہوئی ہے۔