یہ ملک کسی کے باپ کا نہیں، ہندوستان ہم سب کا ہے: تیجسوی یادو

,

   

پٹنہ کے گاندھی میدان میں وقف بچاؤ دستور بچاؤ ریالی سے آر جے ڈی لیڈر کا جذباتی خطاب

پٹنہ۔29؍جون (ایجنسیز) پٹنہ کے گاندھی میدان میں امارت شرعیہ کے زیر اہتمام ’وقف بچاؤ دستور بچاؤ‘ احتجاجی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کسی کے باپ کا نہیں ہے، یہ ہم سب کا ہندوستان ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نہ صرف وقف املاک پر قبضہ کرنے کی تیاری ہے بلکہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ پسماندہ اور دلتوں کے ووٹ دینے کے حق کو بھی صلب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح ہو کہ وقف ترمیمی قانون 2025 کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد پٹنہ پہنچی ہے۔تیجسوی یادو نے کہا کہ ملک کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج جس طرح کے ملک کے حالات ہیں ان میں اس بل کی مخالفت کرنی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کی زمین چھینی جا رہی ہے۔ اب جب کہ بی جے پی اقتدار سے محروم ہونے جا رہی ہے تو اقلیتوں، غریبوں، پسماندہ، انتہائی پسماندہ اور دلتوں کے حق رائے دہی کو چھینا جا رہا ہے۔ ووٹر لسٹ میں ترمیم کے نام پر آپ کے ووٹ کا حق چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ بہت بڑی سازش ہے اس لیے آپ سب ہوشیار رہیں اور ایسا نہ ہونے دیں۔وقف بچاؤ دستور بچاؤ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ سازش کے تحت مسلم سماج کے لوگوں کو پریشان کیا جا رہا ہے لیکن راشٹریہ جنتا دل اور ہمارے لیڈر لالو پرساد یادو مسلم سماج کے ساتھ ہیں اور آخری سانس تک ہم لوگ آپ کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مشرق سے مغرب، شمال سے جنوب تک ہندوستان کی سرزمین کا ایک ایک انچ چیخ چیخ کر گواہی دے رہا ہے کہ آزادی کی لڑائی میں ہندو ہو یا مسلمان، سکھ ہو یا عیسائی، سب نے قربانیاں دی ہیں۔ یہ ملک کسی کے باپ کا ملک نہیں ہے، یہ ملک ہم سب کا ہے۔اس جلسہ میں بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال سے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ جلسہ میں کانگریس کے سینئر قائد سلمان خورشید، آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو، پپو یادو، ارکان پارلیمان عمران پرتاپ گڑھی ، عمران مسعود ، ضیاء الرحمن برق اور دیگر نے خطاب کیا۔امارتِ شریعت کے ترجمان فضلِ رحمان رحمانی کے مطابق اس جلسہ میں عوام کا جوش و خروش اس بات کا غماز ہیکہ ملت اپنے آئینی، قانونی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کیلئے بیدار ہو چکی ہے۔ مقررین نے کہا کہ اگر یہ بل واپس نہیں لیا گیا تو ملک گیر سطح پر تحریک چلائی جائے گی۔

خطاب کے دوران ڈرون سے تیجسوی یادو پریشان
پٹنہ۔29؍جون ( ایجنسیز)تیجسوی یادو اتوار کے روز پٹنہ میں ایک جلسہ سے خطاب کر رہے تھے جب ایک ڈرون، جو ان کی ریلی کو کور کرنے کیلئے تعینات کیا گیا تھا، اپنے مقررہ راستے سے بھٹک کر ان کی طرف مڑتا ہوا دکھائی دیا جس سے وہ پریشان ہوکر ایک طرف جھک گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بہار میں اپوزیشن لیڈر اپنی پارٹی کے لیڈروں کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھے اور گاندھی میدان میں وقف بچاؤ، سمودھان بچاؤ ریالی سے خطاب کر رہے تھے۔
سبھی الگ الگ سیاسی پارٹی کے نیتا، سب ہی سماجی کارکن (مختلف سیاسی جماعتوں کے تمام رہنما، تمام سماجی کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔کچھ دیر توقف کے بعد بہار کے لیڈر نے اپنی تقریر جاری رکھی۔سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر ڈرون کو قبضہ میں لے لیا۔