نئی دہلی ، 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سمجھوتہ اکسپریس دھماکہ کیس میں سوامی اسیمانند اور تین دیگر ملزمین کو ایک خصوصی عدالت میں الزامات منسوبہ سے بری کردیئے جانے کے آج ایک روز بعد سینئر کانگریس لیڈر کپل سبل نے طنزیہ طور پر کہا کہ ایسے فیصلہ پر کہ 68 افراد کو کس نے ہلاک کردیا ’’کوئی نہیں جانتا‘‘ یہ ضرور فوجداری نظام انصاف کیلئے ’’فخریہ دن‘‘ ہونا چاہئے۔ سمجھوتہ اکسپریس میں دھماکہ اور زیادہ تر پاکستانیوں کے بشمول 68 افراد کی ہلاکت کے بارہ سال بعد پنچکولہ کی ایک اسپیشل کورٹ نے اس کیس میں سوامی اسیمانند اور تین دیگر کو بری کردیا۔ این آئی اے کونسل نے بتایا کہ یہ تمام چاروں ملزمین نبا کمار سرکار عرف سوامی اسیمانند، لوکیش شرما، کمل چوہان اور راجیندر چودھری کو بری کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر کپل سبل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے عدالتی فیصلہ پر طنز کیا ہے۔