۔10 فیصد کوٹہ دستور کی خلاف ورزی نہیں ، جیٹلی کا ادعا

   

نئی دہلی 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہاکہ سرکاری نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں معاشی طور پر کمزور طبقات کے لئے 10 فیصد ریزرویشن دستور کے بنیادی ڈھانچے کی خلاف ورزی نہیں ہے اور اِس اقدام کو جنرل کٹیگری میں غریبوں کے لئے واحد سب سے بڑا مثبت کارروائی قرار دیا۔ اُنھوں نے اصل اپوزیشن پارٹی کانگریس پر بھی الزام عائد کیاکہ اُس نے محض زبانی ہمدردی جتائی اور بغض کے ساتھ دستوری ترمیمی بل کی حمایت کی جسے اِس ہفتے کے اوائل پارلیمنٹ نے منظور کیا۔ جیٹلی نے اپنے فیس بُک بلاگ میں کہاکہ ہندوستان میں کاسٹ (ذات) کو سماجی یا تاریخی جبر کا کلیدی عنصر سمجھا جاتا ہے جیسا کہ درج فہرست طبقات اور درج فہرست قبائل یا سماجی و تعلیمی پسماندگی کا عنصر ہے۔ تاہم غربت سیکولر کسوٹی ہے اور یہ برادریوں اور مذاہب سے قطع نظر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ غربت کی وجہ سے ہی دستور کے بنیادی ڈھانچے کی خلاف ورزی نہیں ہوتی ہے۔ مرکزی وزیر نے نشاندہی کی کہ تمام طبقات کے لئے مساوی موقع کو یقینی بنایا جارہا ہے۔