۔10 گوا کانگریس ایم ایل ایز، بی جے پی میں شامل ہونے کیلئے بے چین: ٹنڈولکر

   

پاناجی۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام) گوا بی جے پی صدر ونئے ٹنڈولکر نے کہا کہ دس کانگریس ایم ایل ایز گزشتہ دو ہفتہ سے ان میں ربط میں ہیں تاکہ وہ زعفرانی پارٹی میں شمولیت اختیار کریں۔ لیکن بی جے پی نے ان سے صاف کہہ دیا ہے کہ وہ ان کو قبول نہیں کرے گی کیوں کہ اسمبلی میں پہلے سے ہی بی جے پی کو مطلق اکثریت حاصل ہے اور ان کی پارٹی دوسری حلیف جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنی پوری میعاد مکمل کرلے گی۔ لیکن گوا کانگریس صدر گریش چودانکر نے اس معاملہ پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ ٹنڈولکر کا بیان اس وقت سامنے آیا جب صدر کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ کانگریس ایم ایل ایز کو منحرف ہونے کے لیے بی جے پی کئی کروڑ روپئے کا پیش کش کررہی ہے اور کہا کہ کانگریس کے پاس اتنے وسیع ذرائع نہیں ہیں کہ بی جے کی طرح پیش کش کی جاسکے اور سب کو ایک ساتھ لے کر چلنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ لیکن ٹنڈولکر نے چوڈیکر کے الزام کی تردید کی ہے اور کہا کہ گزشتہ سال اکٹوبر میں جن دو کانگریس ایم ایل ایز سبھاش شروڈکر اور دیانند سوپٹے نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی تو ان کو ایک پیسے کی بھی پیش کش نہیں کی تھی بلکہ پارٹی کارکردگی سے متاثر ہوکر لوگ بی جے پی میں داخلہ کے لیے بے چین ہیں۔