۔12 ستمبر سے 80 نئی ٹرینوں کا آغاز ، 40 خصوصی ٹرینیں

   

ریزرویشن 10 ستمبر سے شروع ، ریلوے بورڈ کے نئے چیرمین ونود کمار یادو کا بیان

نئی دہلی۔ ریلوے بورڈ کے چیرمین ونود کمار یادو نے کہا کہ 12 ستمبر سے 80 نئی خصوصی ٹرینیں شروع کی جائیں گی جن میں 40 ٹرینوں کی جوڑ بھی ہوگی۔ 10 ستمبر سے ان نئی ٹرینوں کیلئے ریزرویشن کا آغاز ہوجائے گا۔ ونود کمار یادو کو حال ہی میں انڈین ریلوے کا پہلا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 80 نئی ٹرینیں پہلے سے چلنے والی 230 خصوصی ٹرینوں میں اضافہ ہوں گی۔ کورونا وائرس وباء کے پھیلاؤ کے باعث مارچ 2020ء سے ملک بھر میں ٹرین خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ یادو نے کہا کہ ریلوے کی جانب سے تمام ٹرینوں پر نگرانی رکھی جارہی ہے۔ ٹرینوں کے سفر کو باقاعدہ بنانے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ جن ٹرینوں کیلئے ویٹنگ لسٹ طویل ہوگی، ان میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ جہاں کہیں کسی خاص ٹرین کی طلب میں اضافہ ہورہا ہو تو اور وہاں پر ویٹنگ لسٹ طویل ہے تو اضافی ٹرینس چلائی جائیں گی۔ مسافرین کو سفر میں سہولت ہوسکے۔ ونود یادو نے یہ بھی کہا کہ امتحانات کے دوران جن ریاستوں سے مزید ٹرینس چلانے کا مطالبہ کیا جائے گا ، اس مطالبہ کو فی الفور پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلٹ ٹرین پراجیکٹ کا کام جاری ہے۔ کورونا کے باعث چند ٹنڈرس کی طلبی متاثر ہوئی ہے، اراضی کا حصول بھی رکا ہے۔ آئندہ تین تا چھ ماہ کے دوران حصول اراضی کا موقف واضح ہونے کے بعد بلٹ ٹرین کا پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ نیشنل ٹرانسپورٹر نے 2 ستمبر سے 15 ستمبر تک 20 خصوصی ٹرینوں کی جوڑ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ احمدآباد ۔ ممبئی بلٹ ٹرین پراجیکٹ ڈسمبر 2023ء تک مکمل ہوجانا طئے پایا تھا لیکن کورونا وائرس کی وباء کے باعث مقررہ مدت میں اس پراجیکٹ کی تکمیل ناممکن ہے۔ نیشنل ہائی اسپیڈ کارپوریشن نے گجرات میں 77% اراضی حاصل کی ہے۔ مہاراشٹرا اور دیگر علاقوں میں بھی اراضی کا حصول جاری ہے۔