حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ نتائج 15جون کو جاری کئے جاسکتے ہیں۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں انٹر نتائج کی اجرائی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ ملک میں لاک ڈاؤن میں راحت کے ساتھ تلنگانہ میں امیدواروں کے جوابی بیاضـات کی تنقیح کا عمل شروع کردیا گیا ۔سیکریٹری بورڈ جناب عمر جلیل بتایا کہ بورڈ نے جاریہ ماہ انٹرمیڈیٹ نتائج جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کسی تاریخ کی توثیق نہیں کی لیکن کہا کہ بورڈ کی جانب سے جاریہ ماہ نتائج کی اجرائی کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ جوابی بیاضات کی تنقیح کرلی گئی ہے اور دیگر امور بھی قریب الختم ہیں ۔لاک ڈاؤن کے سبب جوابی بیاضات کی تنقیح اور جانچ کا عمل روک دیا گیا تھا لیکن جیسے ہی مرکز کی جانب سے رعایتوں کا سلسلہ شروع ہوا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے پرچوں کی جانچ کے عمل کا آغاز کردیا تاکہ طلبہ کی بے چینی کو ختم کیاجائے ۔ذرائع کے مطابق 15 جون کو انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان کردیا جائیگا۔