۔17 ویں لوک سبھا کے پہلے سیشن کا آج سے آغاز

,

   

مرکزی بجٹ ، طلاق ثلاثہ پر توجہ حکومت کا اولین ترین ایجنڈہ ، بیروزگاری پر مباحث کیلئے اپوزیشن کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ /16 جون (سیاست ڈاٹ کام) 17 ویں لوک سبھا کے پہلے سیشن کا کل بروز پیر سے آغاز ہورہا ہے ۔ اس سیشن کے دوران مرکزی بجٹ اور طلاق ثلاثہ بل کے علاوہ دیگر کلیدی اہم قوانین پر حکومت کی توجہ مرکوز رہے گی ۔ حکومت کے اعلیٰ ترین ایجنڈوں میں طلاق ثلاثہ بل ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے نئی لوک سبھا کے پہلے سیشن کے موقع پر کل جماعتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے /19 جون کو تمام پارٹیوں کے صدور کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ اس لوک سبھا میں کئی نئے چہرے دکھائی دیں گے ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے پہلے سیشن میں تازہ چہرے اور نئی سونچ کے حامل قائدین ہوں گے ۔ کل جماعتی اجلاس میں کانگریس حکومت کے سامنے بیروزگاری ، خشک سالی ، آزادی صحافت ، کسانوں کے خودکشیوں کا مسئلہ اٹھائے گی ۔ ہندوستان کی آزادی کے 2022 ء میں 75 سال مکمل ہوجائیں گے اور ’’اضلاع کی امیدوں ‘‘ کی تکمیل ہنوز نہیں ہوسکی ہے ۔ مہاتما گاندھی کے 50 ویں یوم پیدائش کی تقریب بھی جاریہ سال منائی جائے گی اور ’’اضلاع کی امیدوں‘‘ کے عنوان پر ایک بیان جاری کیا جائے گا ۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے اجلاس کے بعد اس کی اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی ارکان پارلیمنٹ کا ایک اجلاس /20 جون کو طلب کیا ہے تاکہ ان مسائل پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ تمام مسودات قانون جو عوام کے مفاد میں ہیں ’’ کی مخالفت نہیں کی جائے گی ‘‘ ۔ انہوں نے جلد از جلد جموں و کشمیر کے انتخابات منعقد کروانے کی ضرورت پر زور جو فی الحال صدر راج کے تحت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوک سبھا انتخابات منعقد کئے جائیں تو عاجلانہ بنیاد پر ریاستی انتخابات کیوں نہیں کروائے جاسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مرکز ریاست کو گورنر کے ذریعہ چلانا چاہتا ہے ۔ کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری اور کے سریش بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ ترنمول کانگریس کے اوبرائن میں مطالبہ کیا کہ خواتین تحفظات بل پیش کیا جائے جس کے تحت ایک تہائی نشستیں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے مختص کی جانی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسی اجلاس میں یہ بل پیش کیا جانا چاہیے ۔ قبل ازیں نو منتخبہ سترہویں لوک سبھا کا اجلاس /17 جون تا /26 جولائی منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ۔