۔20 لاکھ کروڑ معاشی پیاکیج کی تفصیل بتائیں‘ اکھیلیش

   

لکھنو 6 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی سربراہ اکھیلیش سنگھ یادو نے آج کہا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت کے معلنہ 20 لاکھ کروڑ روپئے کے معاشی پیاکیج کو کہاں خرچ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پیاکیج کی تفصیلات کو پیش کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ 20 لاکھ کروڑ روپئے کے مہاپیاکیج میں کتنی حصہ داری غریبوں کی ہے اور کتنی رقم کسانوں کیلئے مختص ہے ۔ کتنی رقومات یومیہ اجرت والے مزدوروں کیلئے اور چھوٹے موٹے تاجرین و ٹھیلہ بنڈی والوں کیلئے ہے ۔ انہو ںنے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے یہ سوال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کو تقسیم کرنے والے افراد کو چاہئے کہ وہ اپنی مہارت کو اس پیاکیج کی تقسیم میں بھی دکھائیں اور اس کی تفصیلات پیش کریں۔ وزیراعظم نریندرمودی نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ 20 لاکھ کروڑ روپئے کا معاشی پیاکیج فراہم کر رہے ہیں تاکہ ملک کو کورونا وائرس وباء کے پیش نظر خودمکتفی بنایا جاسکے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مقامی تجارت پر بھی زور دیا تھا ۔