۔2+2 مذاکرات :دہشت گردی پر پاکستان کے دوہرے رویہ پر بحث

   

واشنگٹن، 19 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ٹو پلس ٹو مذاکرات کے دوران دہشت گردی کے مسئلہ پر پاکستان کے دوہرے رویہ پر بحث ہوئی۔امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ عالمی خطرے سے لڑنے کے لئے پرعزم ہے ۔مسٹر پومپیو نے مذاکرات کے بعد مشترکہ طور سے منعقد پریس کانفرنس میں کہا‘‘خواہ یہ پاکستان سے پیدا ہو رہا ہو یا کہیں اور سے ہم دہشت گردی سے امریکہ کے لوگوں کی حفاظت کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں’’۔ واضح رہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ مسٹر پومپیو، وزیر دفاع مارک ایسپر، ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے درمیان ٹو پلس ٹو مذاکرات ہوئی۔مسٹر پومپیو نے کہا‘‘ہم ہندوستان کے ساتھ مسلسل کام کریں گے اور ہمیں فخر ہے کہ ہم ہندوستان کے ساتھ کام کر رہے ہیں. ہمارے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں’’۔مسٹر جے شنکر نے کہا کہ وہ مذاکرات کے دوران دہشت گردی کے مسئلے پر بات چیت سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا‘‘ہمارے علاقے میں دہشت گردی کے تناظر میں بہت کچھ واضح ہے ۔دونوں فریقوں نے نئی پیش رفت پر بات چیت کی۔ یہ ایک ایسا علاقہ ہے جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کرنے کی بہت مضبوط تاریخ ہے اور میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس معاملہ پر بات چیت سے ہم مطمئن ہیں’’۔