۔28 محکمہ جات کے تحت 56979 مخلوعہ جائیدادیں

,

   

کابینہ میں رپورٹ پیش، اقلیتی بہبود میں 1437 اور محکمہ داخلہ میں 21 ہزار جائیدادیں
آندھرسے 300 ملازمین کی واپسی

حیدرآباد۔15 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 28 سرکاری محکمہ جات کے تحت 56979 مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر رکروٹمنٹ امتحانات کے تحت راست تقررات عمل میں آئیں گے ۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں محکمہ جات کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست پیش کی گئی۔ کابینہ کا احساس تھا کہ یہ تفصیلات نامکمل ہے ، لہذا مکمل اعداد و شمار پیش کرنے کیلئے محکمہ جات کے سکریٹریز کو پانچ دن کا وقت دیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ مخلوعہ جائیدادیں وزارت داخلہ میں ہیں جن کی تعداد 21507 ہے۔ محکمہ صحت نے 10048 ، اعلیٰ تعلیم 3825 ، بی سی ویلفیر 3538 ، ایس سی ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ 1967 ، قبائلی بہبود ڈپارٹمنٹ 1700 ، ریونیو ڈپارٹمنٹ 1441 ، محکمہ اقلیتی بہبود 1437 ، محکمہ پنچایت راج رورل ڈیولپمنٹ 1391 ، محکمہ ثانوی تعلیم 1384 اور محکمہ آبپاشی میں 1222 مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بلدی نظم و نسق و شہری ترقی میں 1148 اور محکمہ جنگلات میں 1096 جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ۔ باقی محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کی تعداد 26 تا 980 کے درمیان ہے ۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی میں صرف 4 مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ۔ ریاستی کابینہ نے جائیدادوں کی تفصیلات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نئے زونل سسٹم اور نئے اضلاع کی بنیاد پر جائیدادوں کو تقسیم کیا جائے تاکہ مقامی امیدواروں کو فائدہ ہو۔ حکومت نے نئے زونل سسٹم کے تحت تقررات کا فیصلہ کیا ہے اور کابینہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ملازمین کے پروموشن سے خالی ہونے والی جائیدادوں کی تفصیلات علحدہ طور پر تیار کی جائیں۔ کابینہ نے محکمہ جات میں کئی برسوں سے موجود غیر ضروری جائیدادوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایمپلائیمنٹ سیکٹر میں حکومت بڑے پیمانہ پر اصلاحات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کابینہ نے ریاست کی تقسیم کے باوجود آندھراپردیش میں خدمات انجام دینے والے تقریباً 300 ملازمین کو واپس حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کریں۔ سرکاری اداروں کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔