۔45 سال اور زائد عمر کے افراد کو کورونا ٹیکہ

   

Ferty9 Clinic

ملک گیر سطح پر یکم اپریل سے عمل آوری، کابینی اجلاس کے بعد جاؤڈیکر کا بیان

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے یکم اپریل سے 45 سال اور اُس سے زائد عمر کے افراد کے لئے کورونا ویکسین لینے کا حکم دیا ہے۔ ملک گیر سطح پر کئی ریاستوں میں ایک ہی وقت کوویڈ کیسوں پر قابو پانے کے لئے ٹیکہ اندازی مہم میں شدت پیدا کی جارہی ہے۔ مرکزی کابینی اجلاس کے بعد مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے کہاکہ کابینی فیصلہ کے مطابق جنوری میں شروع کردہ کورونا ٹیکہ اندازی مہم کو وسعت دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ میں ہر اُس شہری سے اپیل کرتا ہوں جس کی عمر 45 سال یا اُس سے زائد ہے، وہ ویکسین کے لئے اپنا نام رجسٹر کرائے۔ اِس وقت صرف 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ٹیکہ دیا جارہا تھا۔ جو افراد 45 سال سے زائد عمر کے ہیں، اگر وہ دیگر امراض سے متاثر ہیں تو انھیں بھی ویکسین لینے کی اجازت دی جاتی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت منعقدہ اجلاس میں کورونا ٹیکہ کو ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یکم اپریل سے ویکسین کے لئے 45 سال یا اُس سے زائد عمر کے افراد اپنا نام رجسٹر کراسکتے ہیں۔ جاؤڈیکر نے کہاکہ کورونا وائرس ٹاسک فورس اور ماہرین کے مشورے کی بنیاد پر کابینہ نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ اُنھوں نے زور دے کر کہاکہ ملک میں ویکسینس کی کوئی قلت نہیں ہے۔ مزید ویکسین تیاری کے مرحلہ میں ہیں۔ مرکزی وزیر کے مطابق 4.85 کروڑ افراد نے پہلا ٹیکہ لیا ہے اور 80 لاکھ سے زائد نے دوسرا ٹیکہ بھی حاصل کیا ہے۔