۔50 ہزار جائیدادوں پر تقررات ایک بار پھر دھوکہ کے مترادف

,

   

بیدخل نرسیس کے وفد کی ریونت ریڈی کو یادداشت ، صدر کانگریس کا چیف منسٹر کو کھلا مکتوب
حیدرآباد : 10 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو کھلا مکتوب روانہ کرکے 1640 نرسیس کو ڈیوٹی سے علحدہ کردینے کی مذمت کی اور فوری ملازمت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ پرگتی بھون کو پروائیوٹ لمیٹیڈ میں تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا۔ 50 ہزار ملازمتوں کو ایک اور دھوکہ کے مترادف قرار دیا۔ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ نرسیس جنہیں خدمات سے علحدہ کردیا گیا کے وفد نے آج ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے حکومت سے انصاف لادنے میں تعاون کرنے کی یادداشت پیش کی۔ ریونت ریڈی نے ان کے احتجاج کی مکمل تائید کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ نرسیس نے کورونا بحران کے دوران اپنی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال کر 24 گھنٹے خدمات انجام دی لیکن ان کے ساتھ حکومت نے رحم نہیں کیا بلکہ انہیں ملازمت سے بیدخل کردیا جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ چیف منسٹر نے کورونا بحران کے دوران اسٹاف نرسیس کو بھگوان قرار دیا وہی بھگوان اب پرگتی بھون کے سامنے آنسو بہارہے ہیں۔ حکومت کی بے رحمی سے 1600 خاندان سڑک پر آگئے ہیں۔ نرسیس جب مسائل لیکر پرگتی بھون پہنچے تو چیف منسٹر نے انہیں ملاقات کیلئے وقت نہیں دیا۔ عوامی مسائل اور پریشانیوں کو سن کر ان کے آنسو پوچھنے والے پرگتی بھون کو چیف منسٹر نے کلواکنٹلا پروئیوٹ لمیٹیڈ میں تبدیل کردیا۔ 2018ء میں منتخب اے این ایم کو آج تک پوسٹنگ نہیں دی گئی۔ 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا چیف منسٹر کا اعلان ایک بار پھر دھوکہ کی طرح ہے۔ بسوال کمیٹی نے حکومت کے مختلف محکمہ جات میں 1.91 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہونے کی رپورٹ پیش کی ہے لیکن حکومت کی جانب سے صرف 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت کی زیرنگرانی کارپوریشن میں مخلوعہ جائیدادوں پر کیا تقررات نہیں کئے جائیں گے ریونت ریڈی نے حکومت سے سوال کیا۔