ایمسٹ انجینئرنگ کے نتائج جاری
حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں ایمسٹ انجینئرنگ نتائج جاری کردیئے گئے۔ جے این ٹی یو کی نگرانی میں منعقد کئے گئے ایمسٹ انجینئرنگ نتائج وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج جاری کئے۔ ایمسٹ میں 75.29 فیصد امیدوار کوالیفائی قرار دیئے گئے۔ ایمسٹ انجینئرنگ میں ایک لاکھ 19 ہزار 183 امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ جن میں سے 89 ہزار 734 امیدوار کوالیفائی ہوئے ہیں۔ کورونا وباء کے پیش نظر امتحان میں حصہ نہ لینے والے طلبہ کیلئے 8 اکٹوبر کو ایمسٹ منعقد کیا جائے گا۔ سبیتا اندرا ریڈی نے ٹاپ 10 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ انہوں نے کوالیفائی ہونے والے امیدواروں کے بہتر مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ19 کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ امتحان منعقد کیا گیا تھا۔ ایمسٹ انجینئرنگ کے ٹاپ 10 امیدواروں میں سائی تیجا ( حیدرآباد ) سرفہرست رہے جبکہ مغربی گوداوری کے ششانت سائی کو دوسرا مقام حاصل ہوا۔ مشرقی گوداوری کے ٹی منی وینکٹ کرشنا نے تیسرا رینک حاصل کیا۔ سکندرآباد کے کوشل کمار ریڈی کو چوتھا، راجگوپال ( رنگاریڈی ) پانچواں، نیتن سائی ( نلگنڈہ ) چھٹواں ، کرشنا کمل ( کرشنا ضلع ) ساتواں، سائی وردھن ( رنگاریڈی ) آٹھواں، سائی پون ہرش وردھن ( گنٹور ) نواں اور سدھارتھ ( وشاکھاپٹنم ) کو دسواں رینک حاصل ہوا ہے۔
ایمسٹ کونسلنگ کا9 اکٹوبر سے آغاز، شیڈول جاری
حیدرآباد : تلنگانہ ایمسٹ (ایم پی سی) جو 9 ستمبر تا 14 ستمبر منعقد ہوا تھا۔ اس کا نتیجہ جاری کردیا گیا ہے۔ ایمسٹ کے رینک میں انٹر کے 25 فیصد وٹیج کا شمار کیا گیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائر ایجوکیشن نے کونسلنگ کا شیڈول جاری کردیا ہیجس کے مطابق 9 اکٹوبر تا 17 اکٹوبر ایمسٹ کامیاب تمام امیدواروں کو سلاٹ بُک کرتے ہوئے ہیلپ لائن سنٹر سے اسنادات کی تنقیح کرانا ہوگا۔ 12 اکٹوبر سے 20 اکٹوبر کالجس کا انتخاب کرنا ہوگا۔ 22 اکٹوبر سیٹ الاٹ رہے گا۔ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر شام کے اوقات میں شخصی کونسلنگ کی سہولت رہے گی۔