حیدرآباد ۔ ریاست میں کورونا کے بڑھتے قہر میں سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کو یقینی بنانے چیف منسٹر کے سی آر نے 114 دواخانوں میں 755 طبی عملے کے تقررات کو منظوری دی ہے ۔ 755 طبی عملہ میں 144 ڈاکٹرس 527 نرسیس اور 84 لیاب ٹیکنیشن شامل ہیں ۔ تقررات سے سرکاری خزانہ پر 9.02 کروڑ کا بوجھ آئے گا ۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو ہدایات دی ہے کہ ہنگامی حالات کے پیش نظر خصوصی مہم کے تحت انٹرویوز کا اہتمام کریں اور 5 دن میں تقررات مکمل کرلیں ۔ واضح رہے کہ کورونا کیس میں اضافہ کے بعد سے سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس و طبی عملہ کی کمی کی شکایت کے بعد نئے تقررات کا فیصلہ کیا گیا ۔ 114 دواخانے تمام اضلاع پر محیط ہیں ۔
آکسیجن کی جنگی طیاروں سے منتقلی کا تلنگانہ میں پہلا تجربہ
اندرون 3 یوم اوڈیشہ سے کنٹینرس کی آمد، آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کے سی آر متحرک
حیدرآباد۔ ایسے وقت جبکہ ملک بھر میں کورونا کا قہر جاری ہے اور حکومتیں آکسیجن اور ویکسین کی سربراہی کے سلسلہ میں تگ و دو کررہی ہیں، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملک کیلئے ایک منفرد اور اختراعی اقدام کرتے ہوئے فوجی طیاروں کے ذریعہ آکسیجن منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی تلنگانہ حکومت نے متعدد مواقع پر عوامی بہبود کیلئے اختراعی راستہ اختیار کیا۔ کورونا قہر کے دوران ملک میں آکسیجن کی قلت عام ہوچکی ہے۔ حکومتوں کو آکسیجن کے حصول کیلئے مرکز یا دیگر ریاستوں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔ تلنگانہ میں آکسیجن کی قلت کی صورتحال پیدا ہونے سے قبل ہی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کورونا کے مریضوں کیلئے آکسیجن کی طلب میں اضافہ کو محسوس کرلیا۔ آکسیجن کی کنٹینرس کے ذریعہ دور دراز علاقوں سے منتقلی میں زیادہ وقت درکار ہے لیکن کے سی آر نے وقت کو بچانے کیلئے جنگی طیاروں کے ذریعہ آکسیجن کنٹینرس کو اوڈیشہ منتقل کیا۔ کنٹینرس کی سڑک کے راستہ واپسی کیلئے 6 دن درکار ہیں لیکن جنگی طیاروں کے استعمال کے سبب تین دن میں کنٹینرس آکسیجن کی فلنگ کے بعد تلنگانہ واپس آئیں گے۔ دو دن قبل حکومت نے جنگی طیارہ کے ذریعہ کنٹینرس کو روانہ کیا تھا توقع ہے کہ یہ کنٹینرس آکسیجن کے ساتھ آئندہ 24 گھنٹوں میں واپس ہوں گے۔ مشکل حالات میں کے سی آر کا یہ قدم دیگر ریاستوں کیلئے ایک مثال ہے۔ حکمرانوں کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے فوری فیصلہ سازی اور جنگی خطوط پر فیصلوں پر عمل آوری میں تلنگانہ نے دیگر ریاستوں کو روشنی دکھائی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے بتایا کہ ریاست میں عام حالات میں 100 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت تھی لیکن کورونا کے سبب آکسیجن کی مانگ 360 میٹرک ٹرن ہوچکی ہے۔ مرکزی حکومت نے مختلف ریاستوں کے ذریعہ تلنگانہ کو 260 میٹرک ٹن آکسیجن کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں یہ پہلا موقع ہے جب عوامی زندگی اور وقت کے تحفظ کے لئے خالی ٹینکرس کو فوجی طیاروں کے ذریعہ روانہ کیا گیا ہے۔