۔9 جون کے بعدلاک ڈاؤن کی بجائے نائیٹ کرفیو کی برقراری کا امکان

,

   

کیسوں میں قابل لحاظ کمی، 16 جون سے اسکولوں کی کشادگی اور سرکاری دفاتر میں مکمل حاضری کا امکان
حیدرآباد۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال میں قابل لحاظ حد تک بہتری آئی ہے اور روزانہ پازیٹیو کیسس کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں حکومت لاک ڈاؤن کے اوقات میں کمی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت کی جانب سے محکمہ صحت سے کورونا کی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے جس کی بنیاد پر 8 جون کو کابینہ کے اجلاس میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق موجودہ 17 گھنٹوں کے لاک ڈاؤن میں کمی کی توقع ہے اور صرف نائیٹ کرفیو نافذ رہے گا۔ 9 جون سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ملک کی بعض ریاستوں میں کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد اَن لاک سرگرمیوں کا آغاز ہوا جن میں دہلی بھی شامل ہے جہاں دو ماہ قبل کورونا کی صورتحال انتہائی ابتر تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 جون سے صرف نائیٹ کرفیو برقرار رہے گا۔ 31 مئی سے نرمی کے اوقات میں صبح 6 تا ایک بجے دن کی توسیع کی گئی اور 17 گھنٹے لاک ڈاؤن کے اوقات مقرر کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت رات 8 یا 9 بجے سے دوسرے دن صبح 6 بجے تک نائیٹ کرفیو کو مزید 10 دنوں کے لئے برقرار رکھے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں کورونا کیسس میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر ابتداء ہی سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے حق میں نہیں ہیں اور کیسس میں کمی کے بعد انہوں نے مرحلہ وار انداز میں لاک ڈاؤن کی برخواستگی کا عہدیداروں کے اجلاس میں اشارہ دیا ہے۔ 20 اپریل سے حکومت نے نائیٹ کرفیو نافذ کیا تھا کیونکہ کورونا کی دوسری لہر تلنگانہ میں عروج پر تھی۔ 12 مئی تا 30 مئی 20 گھنٹے طویل لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ نائیٹ کرفیو اور لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں کورونا پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ حکومت نے 30 مئی کو کابینہ کے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں 9 جون تک توسیع تو کردی لیکن نرمی کے اوقات میں صبح 6 تا ایک بجے دن تک اضافہ کردیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تیسری لہر کے اندیشے کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر لاک ڈاؤن کی مکمل برخواستگی کے بجائے نائیٹ کرفیو کو برقرار رکھ سکتے ہیں تاکہ امکانی لہر پر نظر رکھی جاسکے۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے بھی کیسس میں کمی کی صورت میں 9 جون کے بعد نرمی کے اوقات میں اضافہ کا اشارہ دیا ہے۔ سرکاری دفاتر میں فی الوقت 50 فیصد عملے کے ساتھ کام انجام دیا جارہا ہے تاہم توقع ہے کہ 9 جون کے بعد ملازمین کی مکمل تعداد کے ساتھ دفاتر کام کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔ آر ٹی سی، میٹرو ریل سرویسس کو دوپہر کے بجائے شام تک توسیع دی جائے گی۔ تعلیمی اداروں کے 16جون سے آغاز کا امکان ہے۔ حکومت نے 31 مئی تک گرمائی تعطیلات اور یکم جون سے اسکولوں اور کالجس کے آغاز کا فیصلہ کیا تھا تاہم کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے گرمائی تعطیلات میں 15 جون تک توسیع کی گئی ۔ بتایا گیا کہ حکومت 16 جون سے اسکولوں اور جونیر کالجس کے آغاز کے حق میں ہے۔ تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسیس کے بارے میں حکومت کی جانب سے قطعی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔