10 لاکھ ملازمتوں کی فراہمی، مودی کے وعدے پر بھروسہ نہیں

   

تلنگانہ کے خانگی شعبوں میں 16 لاکھ ملازمتیں، سرکاری محکمہ جات میں 1.35 لاکھ ملازمتوں کی فراہمی
حیدرآباد ۔ 15 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے مرکزی حکومت کی جانب سے 18 ماہ کے دوران 10 لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیراعظم نریندر مودی پر ہرگز بھروسہ نہیں ہے جنہوں نے ماضی میں کئی وعدے کئے اور اس کو فراموش کردیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مودی نے ہر سال 2 کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اس طرح 8 سال میں 16 کروڑ ملازمتیں حاصل ہونے چاہئے مگر اس وعدے پر ملک کے نوجوانوں کو دھوکہ دیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں اور بیروزگار نوجوانوں کے دباؤ کے بعد وزیراعظم نے آئندہ دیڑھ سال میں 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 8 سال کے دوران خانگی شعبوں میں 16 لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئی۔ اس طرح سرکاری محکمہ جات میں 1,35 لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئی۔ ساتھ ہی مزید ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع ہوا۔ سال 2014ء سے اب تک ملک کے 140 کروڑ آبادی کیلئے نریندر مودی حکومت نے کتنی ملازمتیں فراہم کی ہے مرکزی حکومت اس کی وضاحت کریں۔ن