حیدرآباد۔10۔نومبر(سیاست نیوز) ہندستان کے ووٹرس میں 2.5لاکھ سے زائد ایسے ووٹر ہیں جو کہ اپنی عمر کی 100سے زائد بہاریں دیکھ چکے ہیں ۔ ملک بھر میں 2لاکھ 55ہزار598 ووٹرس 100 سال سے زائد عمر کے ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پونے میں رائے دہندوں میں شعور بیداری سائیکل ریلی میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں فوت ہندستانی پہلے رائے دہندہ نیگی نے اپنی موت سے 3 یوم قبل ووٹ کا پوسٹل بیالٹ سے استعمال کیا تھا ۔ راجیو کمار نے بتایا کہ ملک میں 100 سال سے زائد عمر کے ووٹرس سے شخصی ملاقات کے بعد ان کے تجربات سے بہت کچھ سیکھنے ملتا ہے علاوہ ازیں ان سے بات چیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا جمہوریت پر ایقان کس قدر مضبوط و مستحکم ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ اگر ووٹر لسٹ میں رائے دہندوں میں 80 سال سے زائد عمر والوں کا شمار کیا جاتا ہے تو یہ تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرجاتی ہے بلکہ اگر تفصیلی مشاہدہ کیا جائے تو مختلف ریاستوں میں 80 سال سے زائد عمر کے ووٹرس کی تعداد 1 کروڑ 83 لاکھ 35 ہزار 547تک پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح 18تا19سال کے ووٹرس کی تعداد 1 کروڑ 52 لاکھ 34 ہزار 341 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 20تا29سال کے رائے دہندوں کی تعداد 20کروڑ6لاکھ 65ہزار سے تجاوز ہے۔ راجیو کمارنے بتایا کہ ہندستانی شہریوں میں جمہوریت کے تحفظ اور جمہوری اقدار کو مستحکم بنانے الیکشن کمیشن جانب سے شعور بیدار ی مہم چلائی جا رہی ہے اور نوجوانوں کو 100 سال سے زائد عمر کے ووٹرس کے تجربات سے واقف کرواتے ہوئے ان میں شعور اجاگر کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سال میں 4مرتبہ نئے رائے دہندوں کو اندراج کے کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایسا کرنے سے 18 سال کی عمر کو پہنچنے والے نئے رائے دہندوں کو 3ماہ میں ایک مرتبہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کے اندراج کا موقع حاصل ہوگا۔م