چنڈی گڑھ : پنجاب کی سماجی تحفظ، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر ڈاکٹر بلجیت کور نے ہفتہ کو کہا کہ خواتین اور بچوں کی مجموعی ترقی کے لیے ریاست میں ایک ہزار انتہائی جدید آنگن واڑی مراکز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر کور نے کہا کہ ریاست میں بنائے جانے والے ایک ہزار آنگن واڑی مراکز کے لیے 100 کروڑ روپے کے بجٹ کا التزام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر آنگن واڑی سنٹر کی تعمیر پر 10 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ آنگن واڑی سنٹر کی عمارتوں کی تعمیر کے علاوہ مختص رقم کو سنٹروں کے فرنیچر کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے ۔ اس میں فرش، پینٹنگ، پلمبنگ، برقی کاری اور لکڑی کا کام شامل ہے تاکہ بچوں اور خواتین کے لیے مکمل طور پر فعال اور محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ان آنگن واڑی مراکز کی تعمیر کا کام محکمہ دیہی ترقی کے تحت کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 111 آنگن واڑی مراکز کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے ، جبکہ باقی آنگن واڑی مراکز کی عمارتوں کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان آنگن واڑی مراکز کی بروقت تعمیر اور اعلیٰ معیار کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضلعی سطح کی کمیٹی باقاعدگی سے ان منصوبوں کی نگرانی کر رہی ہے ۔