سمیع کی ہیٹ ٹرک پر بیوی کا تبصرہ سے گریز

   

نئی دہلی ۔ 24جون (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے خلاف محمد سمیع نے اپنی شاندار بولنگ اور ہیٹ ٹرک سے پورے ہندوستان کا دل جیت لیا لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب سمیع کو کافی خراب حالات سے گزرنا پڑا۔ دراصل ٹیم کے اس فاسٹ بولر کی بیوی نے محمد سمیع اور ان کے خاندان پر جان سے مارنے کا الزام لگایا تھا۔ سمیع کی اہلیہ حسین جہاں نے الزام لگایا تھا کہ سمیع کے دوسری خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں اور اس کی وجہ سے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ حسین جہاں نے کہا تھا کہ سمیع کے گھر والے انہیں زہر دے کر مارنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم سمیع پر الزامات لگنے کے باوجود بی سی سی آئی نے ان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ سمیع بھلے ہی کچھ دنوں کیلئے میدان سے باہر رہے لیکن ان پر بورڈ کو پورا اعتماد رہا۔ دباو کے باوجود محمد سمیع مسلسل میچ کھیلتے رہے اور خود پر کبھی دباو نہیں آنے دیا۔ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹورنمنٹ میں اب تک اس نے ایک بھی میچ نہیں گنوایا ہے ، حالانکہ افغانستان کے خلاف جیت حاصل کرنے میں اسے سخت جدوجہد کرنی پڑی ٹیم 50 اوورس میں 224 رن ہی بناسکی لیکن بولروں نے آخری اوورس میں شانداربولنگ کی اور ٹیم کو جیت دلادی۔ اس مقابلہ میں محمد سمیع نے سب سے زیادہ چار وکٹ لئے ، جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ سمیع کی اس شاندار کارکردگی پر ان کی بیوی حسین جہاں نے اپنا پہلا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ حسین جہاں نے کہا کہ ملک کیلئے کھیلنا ہر کھلاڑی کیلئے فخر کی بات ہے اور میچ جتانا تو اور بھی اچھی بات ہے۔ حسین جہاں نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ جیتے۔ حسین جہاں نے محمد سمیع پر براہ راست تو کچھ بھی نہیں کہا لیکن انہوں نے یہ بات کہی کہ ٹیم کو اگر ورلڈ کپ جیتنا ہے تو ایسی کارکردگی برقرار رکھنی ہوگی۔