عہدیداروں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت، اراضی کے حصول اور دیگر منظوریوں میں تیزی پیدا کرنے کا مشورہ، محکمہ تعلیم پر اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔14۔فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہر اسمبلی حلقہ میں ینگ انڈیا ریسیڈینشل اسکول کی تعمیر کے لئے اراضی کے حصول اور دیگر تفصیلات کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ 100 اسمبلی حلقہ جات میں اقامتی اسکولوں کی تعمیر کا کام مقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی اور اقامتی اسکولوں کی تعمیر پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایسے اسمبلی حلقہ جات جہاں اسکولوں کیلئے اراضیات کے حصول کا عمل مکمل ہوچکا ہے، تعمیری کام فوری شروع کئے جائیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تعمیر کے لئے مختص کی گئی اراضیات کا جائزہ لیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ یہ اراضی اقامتی اسکولوں کے قیام کیلئے موزوں ہے، اگر کچھ مسائل پائے جائیں تو متبادل اراضی کا انتخاب کیا جائے۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اراضی کا شخصی طور پر جائزہ لیں تاکہ اقامتی اسکولوں کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اقامتی اسکولوں کے لئے اراضی کی نشاندہی کے طریقہ کار پر اندرون ایک ہفتہ رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن حلقہ جات میں اراضی کی نشاندہی مکمل ہوچکی ہے ، وہاں تعمیری کاموں کا فوری آغاز کیا جائے۔ انہوں نے آئندہ دو برسوں میں 105 اسمبلی حلقہ جات میں تعمیری کاموں کی تکمیل اور ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے ویمنس یونیورسٹی میں انفراسٹرکچر سہولتوں کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقامتی اسکولوں میں پلے گراؤنڈ ، اکیڈیمک بلاک اور دیگر سہولتوں کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یونیورسٹی کی ترقی کیلئے درکار فنڈس جاری کرے گی۔ چیف منسٹر نے اندرون دو سال 105 اسمبلی حلقہ جات میں اقامتی اسکولوں کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ جائزہ اجلاس میں ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی ، حکومت کے مشیر سرینواس راجو ، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ کوڑنگل ، مدھیرا اور حضور نگر میں اقامتی اسکولوں کی تعمیر کیلئے ٹنڈرس کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور 20 مارچ سے تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے ویمنس یونیورسٹی میں تعمیرات کو یونیورسٹی کی سطح پر یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ویمنس یونیورسٹی میں علحدہ شعبہ جات کے قیام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ویمنس یونیورسٹی کی ترقی کیلئے حکومت ضروری فنڈس جاری کرے گی۔ پرنسپل سکریٹری برائے چیف منسٹر مانک راج ، سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا ، کمشنر اسکول ایجوکیشن نرسمہا ریڈی اور وائس چانسلر ویمنس یونیورسٹی پروفیسر سوریا دھننجے موجود تھے ۔1