منافرت کے ایجنڈہ پر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ممکن نہیں

   

ثابت قدمی کے ساتھ اسوہ حسنہ پر عمل کرنے مسلمانوں کو تلقین، ظہیرآباد میں جلسہ، مولانا ابوطالب رحمانی رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ کا خطاب
ظہیرآباد ۔ 19 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا ابو طالب رحمانی نے کل شب یہاں یونائیٹیڈ فنکشن ہال میں زیرسرپرستی حضرت سید شاہ عزیزالدین قادری ’’پیغام انسانیت اور خدمت خلق‘‘ کے عنوان سے منعقدہ جلسہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی حکومت منافرت کے واحد ایجنڈہ کے بل بوتے پر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور نام نہاد عقلمندوں کا ہے جبکہ گذرا ہوا دور دردمندوں کا تھا۔ آج ملک کی دھرتی کو سوچھ (پاک و صاف) کرنے سے زیادہ اس کے باشندوں کے دلوں کو صاف کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ایک فیصد سے بھی کم کارپوریٹ گھرانہ، ملک کی معیشت پر حاوی ہے۔ ذرائع ابلاغ کو بندشوں میں جکڑ دیا گیا ہے۔ مجرمین کو کھلی چھوٹ دی جارہی ہے۔ جانوروں کو برتر اور انسانوں کو کم تر سمجھا جارہا ہے۔ اس پر طرفہ تماشہ یہ کہ ہجومی تشدد کے مہلوک پہلوخاں کو ہنوز اپنے قاتلین کی تلاش ہے۔ انہوں نے ادعا کیا کہ دنیا کے تمام مذاہب میں آپس میں بیر رکھنا جائز نہیں اور یہ کہ محبت کا وجود کل بھی تھا، آج بھی ہے اور انشاء اللہ کل بھی رہے گا جبکہ اس کو مٹانے والوں کی کوششیں کبھی ثمرآور ثابت نہیں ہوسکیں گی۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ثابت قدمی کے ساتھ حضوراکرم ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں حتیٰ کہ اپنے دشمنوں کو بھی دوستی کا پیغام دیتے رہے۔ انہوں نے کامل یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالات خواہ کچھ بھی کیوں نہ ہو، حضوراکرمؐ کا اسوہ حسنہ ہماری رہبری کرے گا۔ انہوں نے ’’پیغام انسانیت اور خدمت خلق‘‘ کے عنوان سے جلسہ منعقد کرنے پر صفا بیت المال ظہیرآباد کو مبارکباد دی۔ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند مولوی محمد ناظم الدین غوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خالق کائنات کا انسانیت پر بڑا احسان ہے کہ اس نے اپنے آخری نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنا دین مکمل کردیا اور رہتی دنیا تک بھٹکی ہوئی انسانیت کو اپنے ہی مکرم کے اسوہ حسنہ کے عظیم سرمایہ اور ان پر نازل کردہ قرآن مجید سے رہنمائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔ مولانا محمد عبدالمجیب قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے قرآن اور احادیث کی روشنی میں انسانیت کے پیغام کا تذکرہ کیا۔ راجہ یوگا آشرم رنجہول کے مٹم راچیا سوامی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بندوں کی خدمت سے بڑا کوئی کام نہیں ہے جبکہ بندوں کی خدمت بھی خدا کی خدمت ہے اور یہ کہ یہ واحد کام ہے جس سے رب العالمین راضی اور خوش ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کوئی کسی کا بھلا نہیں کرسکتا تو وہ برا کرنے کا حق بھی نہیں رکھ سکتا۔ اسپیشل سکنڈ کلاس مجسٹریٹ کے رمیش بابو نے کہا کہ ایک انسان کا قتل ساری انسانیت کا قتل ہے۔ انسان، انسان ہے جبکہ جانور، جانور ہے۔ کسی بھی انسان کو جانور کا درجہ نہیں دیا جاسکتا۔ انسان کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے کا احترام کریں اور کمزوروں کی خدمت کرنا نہ بھولیں۔ صدر صفا بیت المال مولانا عتیق احمد قاسمی نے صفا بیت المال کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ حافظ محمد عثمان خیری نے تلاوت کلام پاک کے ذریعہ جلسہ کا آغاز کیا۔ مفتی نذیراحمد نے کارروائی چلائی ۔حافظ محمد جنید نے بارگاہ خیرالانام میں نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی جبکہ سرپرست جلسہ حضرت سید شاہ عزیزالدین قادری کے دعائیہ کلمات پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔ اس موقع پر سامعین کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔