پاکستان: حمزہ علی عباسی کی فلموں سے کنارہ کشی، تبلیغ اسلام کا اعلان

,

   

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکار حمزہ علی عباسی نے اداکاری سے کچھ عرصے کے لیے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے دین اسلام کی تبلیغ کا اعلان کیا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے جمعرات کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اداکاری مکمل طور پر تو نہیں چھوڑ رہے، البتہ کچھ عرصے کے لیے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔

حمزہ کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے زندگی کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہے تھے اور اب وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ تمام کامیابیوں کے باوجود آخر کار موت کو گلے لگانا ہے اور اس کے بعد اللہ کے سامنے پیش ہو کر جواب دینا ہے۔

اُن کے بقول، وہ اب اپنی زندگی میں لوگوں تک اللہ کا پیغام پہنچائیں گے اور ان موضوعات پر گفتگو کریں گے جو اسلام میں ‘ٹیبو’ بن چکے ہیں جن پر بات نہیں کی جا سکتی۔ چاہے اس کے لیے اُن کی جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔

YouTube video

انہوں نے واضح کیا کہ لوگوں نے انہیں بہت محبت دی ہے اور ان کے اس اعلان کا مقصد شہرت کا حصول یا انتخابی سیاست میں آنا ہر گز نہیں ہے۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی حکمراں جماعت تحریک انصاف کے حامیوں میں سے ہیں اور وہ پارٹی کے جلسوں میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ وہ کچھ عرصے بعد صرف انہی ڈراموں اور فلموں میں کام کریں گے جس میں اللہ کا پیغام ہوگا۔