ملتان ۔ پاکستانی ٹیم کو بالآخر کامیابی مل گئی۔ گھریلو سرزمین پر ٹسٹ میچ جیتنے کا ان کا انتظار آخرکار ختم ہوگیا۔ جس میچ میں بابر اعظم کو خارج کیا گیا، پاکستان نے 152 رنز سے بڑی جیت درج کی۔ ملتان میں کھیلے گئے سیریزکے دوسرے ٹسٹ میں پاکستان نے انگلینڈکو صرف 4 دن میں شکست دے دی۔ پاکستان کی جیت کے ہیرو اس کے اسپنر رہے جنہوں نے تمام 20 وکٹیں حاصل کیں۔ اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستان کا 1348 دن کا طویل انتظار بھی اختتام کو پہنچا۔ ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈکو جیت کے لیے 297 رنزکا ہدف دیا تھا۔ اس ہدف کے تعاقب میں آنے والے انگلینڈ کے بیٹرس نے ملتان کی پچ پر پاکستانی اسپنرزکے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ نعمان علی نے اکیلے ہی انگلینڈ کے 8 بیٹرس کو آوٹ کیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ پوری ٹیم مل کر150 رنز بھی نہ بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 144 رنز بنا سکی اور میچ ہارگئی۔ ملتان ٹسٹ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی۔ اپنی پہلی اننگز میں انہوں نے بابر اعظم کی جگہ آنے والے کامران غلام کی سنچری کی بنیاد پر366 رنز بنائے اور ٹیم میں ڈیبیو کیا۔ کامران غلام نے 118 رنزکی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں291 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں سلمان آغا نے63 رنز کی اہم اننگز کھیلی ۔ پاکستان کی دوسری اننگز221 رنز پر ختم ہوئی۔ اس طرح انگلینڈ کو 297 رنز کا ہدف ملا۔ انگلینڈ کے پاس 297 رنزکا ہدف حاصل کرنے کے لیے پورا وقت تھا لیکن وقت ہونے کے باوجود وہ منزل تک نہ پہنچ سکے کیونکہ پاکستانی اسپنرزکا بْنا ہوا جال ان کی سمجھ سے بالاتر رہا ۔ نعمان علی اور ساجد خان نے مل کر دونوں اننگز میں انگلش بیٹرس کو پریشان کردیا ۔ پہلی اننگز میں ساجد خان نے7 اور نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ دوسری اننگز میں نعمان علی نے 8 جب کہ ساجد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ یعنی 20 میں سے نعمان علی نے11 جبکہ ساجد خان نے 9 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان میں کھیلا گیا پہلا ٹسٹ انگلینڈ نے جیتا۔ دوسرے ٹسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی 3 ٹسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ ملتان میں کھیلاگیا دوسرا ٹسٹ جیت کر پاکستان نے 1348 دن تک اپنی سرزمین پر ٹسٹ میچ نہ جیتنے کا انتظار بھی ختم کردیا۔ انہوں نے فروری 2021 میں اپنی سرزمین پر آخری ٹسٹ جیتا تھا۔