اس نیلامی میں حکومت کو تین پرانی کمپنیوں کی جانب سے ٹینڈر موصول ہوئے

,

   

نئی دہلی ۔ فائیو جی ایئر ویوز کے لیے انڈیا کی سب سے بڑی نیلامی ختم ہو چکی ہے جس میں ایشیا کے دو امیر ترین شخص، مکیش امبانی اور گوتم اڈانی، انڈیا کے ڈیجیٹل مستقبل پر بالادستی کی جنگ میں میدان میں آ چکے ہیں۔ مکیش امبانی کے لیے یہ ایک ایسے کاروباری حریف سے غیر متوقع مقابلہ ہے جو اب تک ان کی کاروباری دلچسپیوں سے دور رہے ہیں۔ مکیش امبانی کا جیو گروپ اب انڈیا کی انٹرنیٹ مارکٹ میں ایک جانا پہچانا نام ہے جبکہ اڈانی ایک وسیع و عریض کاروبار کو کنٹرول کرتے ہیں جو بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور توانائی تک پھیلا ہوا ہے۔ حال ہی میں بل گیٹس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اڈانی دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ ان کی مجموعی مالیت 112 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ اس نیلامی میں کل 72 گیگا ہرٹز سپیکٹرم بلاک میں سے انڈیا کے ٹیلی کام وزیر اشونی وشناؤ کے مطابق 71 فیصد فروخت ہو چکا ہے۔ اس نیلامی میں حکومت کو تین پرانی کمپنیوں کی جانب سے ٹینڈر موصول ہوئے، جن میں مکیش امبانی کی ریلائنس۔ جیو (آر جیو) ، ووڈافون آئیڈیا اور ہندوستانی ایئرٹیل شامل ہیں جبکہ ایک نئی چوتھی کمپنی اڈانی ڈیٹا نیٹ ورکس نے بھی بولی لگائی۔ مجموعی طور پر 19 ارب ڈالر کی بولیاں لگائیں۔ انڈین اینالیٹیکل کمپنی سی آر آئی ایس آئی ایل کی ریسرچ کے مطابق، یہ بولی توقعات سے کہیں زیادہ ہے جو مارچ 2021 میں آخری نیلامی کے بعد سے دوگنی سے بھی زیادہ ہے۔