حیدرآباد 13 مئی ( سیاست نیوز ) سال 2022 کا پہلا مکمل چاند گہن 15 مئی کو ہوگا جو شمالی کرہ ارض سے دکھائی دے گا تاہم ہندوستان سے اس کا مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا ۔ ہفتے کی رات ہونے والے اس چاند گہن کا مشاہدہ شمالی کرہ ارض پر رہنے والے افراد کرسکیں گے ۔ یہ سال 2022 کاپہلا مکمل چاند گہن ہوگا ۔ اسے سوپر مون یا بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے ۔ اسے فلاور مون بھی کہا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر اروند پرانجپے ڈائرکٹر نہرو پلانیٹورم ممبئی نے کہا کہ یہ چاند گہن 15 مئی کی رات ہوگا اور یہ 16 مئی کی اولین ساعتوں تک جاری رہے گا ۔ اس چاند گہن کا مشاہدہ ہندوستان میں نہیں کیا جاسکے گا ۔ تاہم جنوبی امریکہ‘ یوروپ اور مشرق وسطی کے ممالک میںاس چاند گہن کا کچھ حد تک مشاہدہ ممکن ہوسکے گا جب چاند مکمل سرخ خون کی طرح ہوجائے گا ۔ کہا گیا ہے یہ چاند گہن 85 منٹ تک برقرار رہے گا ۔