ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کو جاری کردہ سرکولر کے بعد وضاحت
نئی دہلی : چیف الیکٹورل آفیسر(سی ای او) دہلی نے آج ایسی اطلاعات کو مسترد کردیا کہ لوک سبھا الیکشن 16 اپریل کو منعقد کیا جائے گا ۔ یہ اطلاعات دفتر سی ای او کی طرف سے 11 ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کو بھیجے گئے ایک سرکولر کی بنیاد پر زیر گشت ہیں۔ سرکولر میں لوک سبھا انتخابات کیلئے تاریخ کو ایک اندازہ کے طورپر 16 اپریل 2024 بتایا گیا ۔ سرکولر میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 16 اپریل کو پولنگ کا دن مقرر کرنے کا سوچا ہے۔ تاہم بعد میں سی ای او نے کہاکہ یہ محض حوالے کے مقصد سے کہا گیا اور اس کے تذکرہ کا منشاء الیکشن کی منصوبہ بندی میں آغاز اور اختتام کی تواریخ کو طئے کرنے کا رہا۔ سرکولر کی اجرائی پر بعض گوشوں میں غلط فہمی کے بعد دہلی سی ای او کے دفتر نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ وضاحت کردی کہ 16 اپریل 2024 کی تاریخ کا تذکرہ محض ایک حوالہ سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
