کتہ گوڑم میں درجہ حرارت 46 ڈگری سے زیادہ
حیدرآباد۔18 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی نے 18 مئی کو موسم گرما کا تلنگانہ میں گرم ترین دن قرار دیا اوربھدرادری کتہ گوڑم میں درجہ حرارت 46ڈگری سیلسیس کو پار کر جانے کی اطلاع کے ساتھ شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ بلا کسی شدید ضرورت کے گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں ۔ بھدرادری کتہ گوڑم میں درجہ حرارت 46.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر حیدرآباد کے بعض علاقوں میں آج درجہ حرارت 42ڈگری سے تجاوز کرگیا جس کے سبب شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر ٹریفک نہیں تھی اور شہریوں نے گھر میں رہنے کو ترجیح دی۔تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے مطابق نلگنڈہ ‘ کھمم ‘ محبوب آباد ‘ سوریہ پیٹ‘ کے علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا اور 29 مئی تک یہی صورتحال رہنے کا خدشہ ہے۔شہر میں خیریت آباد و بعض دیگر علاقوں میں 42ڈگری کے قریب ریکارڈ ہوا اور آئندہ ایک ہفتہ میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ صحت سے گرمی میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تمام عوامی مراکز صحت میں او آر ایس اور لو لگنے سے ہونے والی بیماریوں سے نمٹنے کیلئے ادویات کی فراہمی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ محکمہ صحت سے بھی شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ شدید ضرورت کے تحت ہی گھروں سے نکلیں اور دھوپ کے اوقات میں گھروں سے رہیں کیونکہ گرم ہواؤں کے سبب لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔